ٹک ٹاک کا اربوں ڈالرز منافع، فیس بک کیلئے خطرے کی گھنٹی بج گئی

Last Updated On 16 October,2019 03:21 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) غیر ملکی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق ٹِک ٹاک رواں برس کے ابتدائی 6 ماہ میں 7 سے ساڑھے 8 ارب ڈالر منافع کما چکی ہے۔

چینی ایپ ٹک ٹاک پاکستان اور بھارت سمیت دنیا بھر میں انتہائی تیزی سے مقبول ہو چکی ہے۔ اس ویڈیو شیئرنگ ایپ کے یورپ اور امریکا میں بھی لاکھوں صارفین ہیں۔

دنیا کے امیر ترین انسان مارک زکربرگ کی مشہور زمانہ کمپنی فیس بک کو سماجی رابطے کی سب سے مقبول ویب سائٹ مانا جاتا ہے لیکن کہا جا رہا ہے اب اس سے ٹکر لینے مارکیٹ میں ٹک ٹاک آ چکی ہے۔ یہ ایپ نوجوانوں میں انتہائی مقبولیت کے ریکارڈ پر ریکارڈ قائم کرتی جا رہی ہے۔ ماہرین خدشہ ظاہر کر رہے ہیں کہ اس ویڈیو شیئرنگ ایپ کی کمائی فیس بک کو پیچھے چھوڑ دے گی۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق کچھ عرصہ قبل ہی ٹیکنالوجی کی دنیا میں قدم رکھنے والی نوجوانوں کی پسندیدہ ایپ ٹِک ٹاک رواں برس کے ابتدائی 6 ماہ میں 7 سے ساڑھے 8 ارب ڈالر منافع کما چکی ہے۔

فیس بک کے بانی مارک زکربرگ خود بھی ٹک ٹاک کو ایک بڑے حریف کے طور پر دیکھ رہے ہیں۔ ایک ویڈیو میں انہوں نے تسلیم کیا کہ چین کی یہ پہلی کنزیومر انٹرنیٹ پراڈکٹ ہے جو دنیا بھر میں اچھی کارکردگی دکھا رہی ہے۔ یہ ایپ بھارت میں بہت تیزی سے بڑھ رہی ہے اور اپنے حجم کے لحاظ سے بھارت میں انسٹاگرام کو بھی پیچھے چھوڑ چکی ہے۔