بیجنگ: (روزنامہ دنیا) چین میں پیدل چلنے والوں کیلئے سڑک پر ایل ای ڈی لائٹس سے مزین سمارٹ زیبرا کراسنگ نصب کر دی گئی۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق روشنیوں والی زیبرا کراسنگ روز شام 6 بجے کے بعد کام کرنا شروع کر دیتی ہے، جب سگنل کا رنگ سرخ ہوتا ہے تو یہ کراسنگ سبز ہو جاتی ہے جس کا مطلب ہے کہ اب پیدل چلنے والے سڑک پار کرسکتے ہیں۔
اسی طرح سبز سگنل پر یہ کراسنگ سرخ ہو کر پیدل چلنے والوں کو رکنے کا اشارہ دیتی ہے۔ زیبرا کراسنگ سے کچھ فاصلے پر ٹریفک کیلئے رہنمائی بورڈز لگائے گئے ہیں جو گاڑیوں کو دور سے ہی چوکنا کر دیتے ہیں۔ اس زیبرا کراسنگ کا سب سے زیادہ فائدہ معمر افراد کو ہو گا جو رات کو سڑک کراس کرتے ہوئے عموما پریشانی کا شکار ہو جاتے ہیں، ان کے چلنے کی رفتار بہت کم ہوتی ہے اس لئے پہلے وہ رات کے وقت اندازہ نہیں لگا پاتے تھے کہ گاڑیاں کتنی دور ہیں اور کب انہیں سڑک کراس کرنی چاہئے، سمارٹ زیبرا کراسنگ سے ان کی یہ مشکل اب آسان ہو گئی ہے، سبز بتی جلتے ہی وہ آرام دہ طریقے سے بلاخوف و خطر سڑک کے آر پار جا سکیں گے۔ یہ کراسنگ معذور افراد کیلئے بھی اتنی ہی اہمیت کی حامل ہے۔
یہ زیبرا کراسنگ دھند، برفباری اور بارش کے دوران پیدل چلنے والوں کیلئے مددگار ہو گی اور ٹریفک حادثات میں کمی آئے گی۔