الجبرا کے مشکل ترین سوالات حل کرنے کیلئے ایپ تیار

Last Updated On 11 December,2019 06:52 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان سمیت دنیا بھر میں طالبعلموں کے لیے پڑھائی کے دوران میتھ مشکل ترین سبجیکٹ مانا جاتا ہے، طالبعلم میتھ کے مضمون میں کامیابی حاصل کرنے لیے بہت زیادہ تگ و دو کرتے ہیں، کچھ اس میں ناکام ہوتے ہیں کچھ اس میں کامیاب ہو جاتے ہیں، تاہم میتھ کے طالبعلموں کی ایک مشکل حل ہونے جا رہی ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق صارفین کے لیے کیلکولیٹر یا متعدد ایسی ایپس موجود ہیں جن کا استعمال کرتے ہوئے وہ بنیادی حساب کتاب کر سکتے ہیں لیکن ان ایپس اور کیلکولیٹر کے ذریعے الجبرا کے مشکل سوالات کا حل آج تک ممکن نہیں تھا۔

حال ہی میں مائیکرو سافٹ نے ایک ایسی ایپ تیار کی ہے جو الجبرا کے مشکل ترین سوالات، ٹریگنومیٹری، کیل کیولس اور اسٹیٹسٹک کے مشکل سوالوں کو حل کر سکتی ہے۔

مائیکرو سافٹ کی میتھ سولور ایپ آرٹیفیشل انٹیلیجنس کا استعمال کرتے ہوئے صارفین کے ریاضی سے متعلق سوالات کے حل کرکے جوابات بتائے گی۔

دوسری جانب ایپ طلباء کو آن لائن لیکچر کی بھی پیشکش کرتی ہے تاکہ طلباء ان سوالات کو مکمل طرح سمجھ سکیں۔ اس ایپ کے ذریعے طلباء سوالات کو نشان لگا کر محفوظ بھی کر سکتے ہیں۔

مائیکرو سافٹ کی ایپ کی مدد سے صارفین ریاضی کے سوال کا جواب حاصل کرنے کے لیے ایپ میں سوال خود درج کرسکتے ہیں جب کہ موبائل فون سے تصویر سکین کرکے بھی سوال ایپ میں درج کیے جا سکتے ہیں۔

مائیکروسافٹ کی میتھ سولور ایپ گوگل پلے سٹور کے ساتھ ایپل سٹور پر بھی صارفین کے لیے مفت دستیاب ہے جب کہ یہ ایپ مختلف زبانوں میں بھی دستیاب ہے۔