آلات کو خودکار اور سمارٹ بنانے والا ’’فنگر بوٹ‘‘ تیار

Last Updated On 31 December,2019 12:12 pm

سان فرانسسکو: (روزنامہ دنیا) تصویر میں دکھائی دینے والا ننھا منا چوکور روبوٹ فون کی ایپ سے کنٹرول ہو کر کسی بھی بٹن کو کھول یا بند کر سکتا ہے۔ اس کے ذریعے ان گنت آلات کو خودکار اور سمارٹ بنایا جاسکتا ہے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق اسے ‘فنگربوٹ’ کا نام دیا گیا ہے۔ تھری ڈی پرنٹر سے تیارکردہ فنگربوٹ اپنی متحرک انگلی سے ہر سوئچ کھول اور بند کرسکتا ہے۔ اسے آپ ایپ سے بھی کنٹرول کرسکتے ہیں یا پھر ٹائمر کے ذریعے سوئچ آن یا آف کرسکتے ہیں۔

اگرچہ ایسے ہارڈویئر یا سافٹ ویئر موجود ہیں جو پورے گھر کو مکمل طور پر خود کار بنا سکتے ہیں لیکن اول ان کی قیمت بہت زیادہ ہے دوم نئے آلات کو ان میں شامل کرنا آسان نہیں ہوتا۔

اسی بنا پر فنگر بوٹ بنایا گیا ہے جو کسی بھی آلے کے سوئچ سے منسلک ہوکر اپنا کام کرتا ہے۔ دوسری جانب یہ بہت کم خرچ بھی ہے۔ فنگر بوٹ بنانے والے لوگوں نے اسے ‘ریموٹ کنٹرول انگلی’ کا نام دیا ہے۔ فنگر بوٹ کی بلیو ٹوتھ رینج 50 میٹر ہے لیکن ایک ہارڈویئر کے اضافے سے اس فاصلے کو بڑھایا جا سکتا ہے۔