اسلام آباد: (روزنامہ دنیا) حکومت نے ملک میں ای کامرس اور موبائل فون بینکنگ کے فروغ کیلئے موبائل فون کی درآمد پر ودہولڈنگ ٹیکس جلد کم کرنیکا فیصلہ کیا ہے ۔ اس کا مقصد غریب ترین آبادی تک بینکاری کی خدمات پہنچانے کا اقوام متحدہ کا ہدف حاصل کرنا ہے
حکومت نے ملک میں ای کامرس اور موبائل فون بینکنگ کے فروغ کیلئے موبائل فون کی درآمد پر ودہولڈنگ ٹیکس جلد کم کرنیکا فیصلہ کیا ہے ۔ اس کا مقصد غریب ترین آبادی تک بینکاری کی خدمات پہنچانے کا اقوام متحدہ کا ہدف حاصل کرنا ہے ۔ اقوام متحدہ کی فنانشل انکلوژن سٹرٹیجی کے تحت غریب ترین آبادی کو امداد اور سماجی خدمات کی فراہمی کیلئے 6 کروڑ 50 لاکھ موبائل آسان اکائونٹ کی سہولت دی جائے گی، 2 کروڑ اکائونٹس خواتین کے ہوں گے ، حکومتی ادائیگوں اور وصولیوں کا نظام بھی سوفیصد ڈیجیٹل بنانے کا ہدف رکھا گیا ہے ، اس ضمن میں موبائل فون کی اہمیت بڑھ جائے گی۔ ٹیکس لا ترمیمی آرڈیننس کی پارلیمنٹ سے منظوری ہوتے ہی مارچ 2020 سے قبل موبائل فون کی درآمد پر ودہولڈنگ ٹیکس کی شرح کم کی جائے گی۔30 ڈالر تک مالیت کے موبائل کی درآمد پر ودہولڈنگ ٹیکس بدستور 70 روپے برقرار رکھا جائے گا۔ 30 سے 100 ڈالر تک کی مالیت کے موبائل فون کی درآمد پر ودہولڈنگ ٹیکس کی شرح 730 روپے سے کم کرکے 100 روپے کی جائے گی۔ 100 سے 200 روپے کی مالیت کے موبائل فون کی درآمد پر ودہولڈنگ ٹیکس 930 روپے ، 200 سے 350 ڈالر کی مالیت کے موبائل فون پر 970 روپے ، 350 سے 500 ڈالر کی مالیت کے موبائل فون پر 3 ہزار اور 500 ڈالر کی مالیت سے زائد موبائل فون کی درآمد پر ودہولڈنگ ٹیکس 5200 روپے مقرر کیا جائے گا۔ اس مقصد کیلئے انکم ٹیکس آرڈیننس 2001 کے سیکشن 10 میں ترمیم تجویز کی گئی ہے ۔ یہ ترمیم رواں یا اگلے ماہ پارلیمنٹ سے منظوری کے بعد لاگو کردی جائے گی۔