فیس بک سٹوری انسٹا گرام پر بھی شیئر ہو گی، نئے فیچر کی آزمائش شروع

Last Updated On 11 March,2020 06:00 pm

نیو یارک: (ویب ڈیسک) سوشل میڈیا کی مشہور اور مقبول ترین ویب سائٹ فیس بک نے سٹوریز میں نئے فیچر کی آزمائش شروع کر دی ہے جس میں فیس بک سٹوری کو انسٹاگرام پر بھی شیئر کیا جا سکے گا۔

اگرچہ ابھی صارفین انسٹاگرام پر اپ لوڈ کی جانے والی سٹوریز کو فیس بک پر تو شیئر کر سکتے ہیں مگر فیس بک پر اپ لوڈ کی جانے والی سٹوریز کو انسٹاگرام پر شیئر کرنا ناممکن ہے۔

فیس بک اب ایک ایسے فیچر کی آزمائش کر رہا ہے جس سے صارفین فیس بک پر اپ لوڈ کی جانے والی سٹوریز کو انسٹاگرام پر بھی شیئر کر سکیں گے۔

اس فیچر کے تحت فیس بک کی سٹوری سیٹنگ میں جہاں پہلے 4 آپشنز ہوتے تھے اب وہاں ایک اور آپشن کو شامل کیا جائے گا جو کہ Share Story To Instagram کا آپشن ہوگا۔

واضح رہے کہ انسٹاگرام بھی فیس بک کی ملکیت ہے جب کہ نیا فیچر ابھی جانچ پڑتال کے مراحل میں ہے اور اسے ایپ میں شامل کرنے کے حوالے سے تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا ہے۔