لاہور: (ویب ڈیسک) دنیا بھر میں چینی کمپنی ٹک ٹاک تیزی سے مقبول ہو رہی ہے اس ایپ کی مقبولیت کا اندازہ اس سے بھی لگایا جا سکتا ہے کہ یہ اس وقت سب سے زیادہ ڈاؤن لوڈ کی جانے والی ایپ ہے، اس کی مقبولیت کو دیکھتے ہوئے یو ٹیوب نے ٹک ٹاک کی طرز پر نیا ویڈیو پلیٹ فارم لانچ کرنے کی منصوبہ بندی پر غور شروع کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ٹک ٹاک نوجوانوں میں تیزی سے مقبول ہونے والا پلیٹ فارم ہے جہاں پر وہ وہ کم دورانیے کی ویڈیوز بنا کر شیئر کر سکتے ہیں۔ ٹک ٹاک کے دنیا بھر میں صارفین کی تعداد 800 ملین سے زیادہ ہے جبکہ اسے2 ارب سے زائد مرتبہ ڈاؤن لوڈ کیا جا چکا ہے۔ اسی لیے یوٹیوب کے لیے اس سے مقابلہ اتنا آسان نہیں ہوگا۔، اس ایپ کو استعمال کرنے والوں کی زیادہ تر عمر 16 سے 24 سال کے درمیان ہے
دی انفارمیشن کی رپورٹ کے مطابق یوٹیوب اس نئے منصوبے پر گزشتہ سال اکتوبر سے کام کر رہا ہے اور امید کی جارہی ہے کہ رواں سال کے آخر تک اسے لانچ کر دیا جائے گا۔
منصوبے پر کام کرنے والے دو افراد نے دی انفارمیشن کو اپنا نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا ہے کہ اس کا نام" شاٹس "رکھا جائے گا اور یہ یوٹیوب کی موجودہ ایپ کا ہی ایک حصہ ہوگا اس لیے صارفین کو کوئی نئی ایپ انسٹال کرنے کی ضرورت بھی نہیں ہو گی۔
رپورٹ کے مطابق یوٹیوب شارٹس کے ذریعے صارفین کمپنی کی وسیع میوزک لائبریری سے بھی فائدہ اٹھا سکیں گے اسی لیے یوٹیوب کو امید ہے کہ یہ صارفین بھی مقبولیت حاصل کر لے گی۔
واضح رہے کہ اس سے قبل بھی کئی امریکی کمپنیاں اور سٹارٹ اپ ٹک ٹاک کی طرز پر ایپس لانچ کر چکے ہیں مگر وہ چینی کمپنی کی مقبولیت کم کرنے میں ناکام رہے۔