کیلیفورنیا: (روزنامہ دنیا) ناسا کی جانب سے انسانی تاریخ کی سب سے کامیاب خلائی دوربین کا اپنے سفر میں کوئی دن ایسا نہیں گزرا جب اس نے کوئی اہم شے دریافت نہ کی ہو۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق زمین کے گرد مدار میں گردش کرتے ہوئے اس زبردست دوربین نے خلا کے ان دیکھے مقامات کو ظاہر کیا اور ہماری معلومات میں گراں قدر اضافہ کیا۔ اب اس کا پورا ڈیٹا بیس ایک جگہ موجود ہے جسے دیکھ کر آپ اندازہ کرسکتے ہیں کہ آپ کی سالگرہ پر ہبل نے کیا اہم دریافت کی تھی۔
اس طرح ہبل کی تیسویں سالگرہ پر ناسا نے ایک دلچسپ ویب سائٹ بنائی ہے جس کے ذریعے 30 برس تک کے افراد اپنی پیدائش کی تاریخ اور سال کا اندراج کرکے معلوم کرسکتے ہیں کہ ہبل نے عین اسی روز خلائے بسیط میں کیا اہم دریافت کی تھی۔ اسی کے ساتھ مزید معلومات کا گوشہ بھی موجود ہے جس پر کلک کر کے آپ اس دریافت کے بارے میں مزید معلومات حاصل کر سکتے ہیں۔