انسٹا گرام کا آئی جی ٹی وی میں بڑی تبدیلی کا اشارہ

Last Updated On 15 April,2020 06:10 pm

واشنگٹن: (ویب ڈیسک) سوشل میڈیا کی مشہور ویب سائٹ فیس بک کی زیر ملکیت فوٹو شیئرنگ موبائل ایپلی کیشن انسٹاگرام نے آئی جی ٹی وی میں بڑی تبدیلی کا اشارہ دے دیا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق انسٹاگرام نے اپنے صارفین کے لیے آئی جی ٹی وی کی سہولت 2018ء میں متعارف کرائی مگر اس میں صرف کھڑی یعنی ورٹیکل ویڈیوز ہی بنتی ہیں جس کی وجہ سے استعمال کنندگان کو بعض اوقات پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

انتظامیہ نے صارفین کی جانب سے موصول ہونے والی تجویز پر غور شروع کر دیا اور امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ انسٹاگرام پر بھی ہورزونٹل یعنی سکوائر ویڈیو بھی شیئر ہوگی۔

انسٹاگرام آئی جی ٹی وی فیچر استعمال کرنے والے صارفین کو سہولت فراہم کرتا ہے کہ اگر اُنکی ویڈیو منفرد ہوتی ہے تو اُسے دنیا بھر میں لوگ دیکھ سکتے ہیں۔

ٹیکنالوجی پر نظر رکھنے والی ویب سائٹ ’دی ورج‘ کے مطابق انسٹاگرام نے اپنے ہوم پیج اور آئی جی ٹی وی کو دوبارہ سے ڈیزائن کرنے کا فیصلہ کیا۔ جس کے تحت آئی جی ٹی وی سمیت دیگر چیزوں کے لیے علیحدہ سے ٹیب بنائے جائیں گے۔ نئے ڈیزائن کے بعد صارف اپنی آئی جی ٹی وی کی ویڈیو اسٹوریز میں بھی شیئر کرسکے گا۔

اس فیچر سے منفرد ویڈیوز بنانے والے صارفین کو مدد ملے گی اور اُن کا کام پہلے سے زیادہ ابھر کر سامنے آئے گا۔