پاکستان میں پب جی گیم چلے گی یا نہیں؟ فیصلہ 10 جولائی کو ہوگا

Last Updated On 09 July,2020 10:18 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی نے گیم پر پابندی ختم کرنے کے حوالے سے عوامی سماعت کے بعد فیصلہ محفوظ کر لیا ہے جو بروز جمعہ مورخہ 10 جولائی کو سنایا جائے گا۔

پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کے ڈائریکٹر جنرل ویب انیلسز ڈویژن اور ڈائریکٹر جنرل لا سمیت پانچ رکنی بورڈ نے معاملے کی عوامی سماعت کی سماعت کے دوران پب جی پر پابندی کے حق اور مخالفت میں فریقین کے دلائل سنے۔

پب جی گیم کو چلانے والی کمپنی کے وکیل نے بھی سماعت میں شرکت کی۔ پی ٹٰی اے نے تمام فریقین کو دس جولائی دن بارہ بجے تک تحریری دلائل فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔

خیال رہے کہ پب جی ورلڈ لیگ 10 جولائی سے شروع ہو رہی ہے اور پابندی ختم نہ ہونے سے پاکستانی گیمر اس میں شامل ہونے سے محروم رہ جائیں گے۔

خیال رہے کہ پی ٹی اے نے عوامی شکایات کی روشنی میں عارضی طور پر ویڈیو گیم ’پب جی‘پر پابندی لگانے کا اعلان کیا تھا۔ ادارے کی جانب سے یکم جولائی کو جاری ایک بیان میں کہا گیا تھا کہ یہ اقدام معاشرے کے مختلف طبقوں سے موصول ہونے والی شکایت کے اٹھایا گیا تھا۔

بیان میں کہا گیا تھا کہ عوامی شکایات میں کہا گیا ہے کہ اس گیم سے بچوں کی جسمانی اور دماغی صحت پر منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں جبکہ میڈیا پر چلنے والی خبروں کے مطابق پب جی کی وجہ سے خود کشیوں کے واقعات بھی پیش آئے ہیں۔