مریخ پر پانی نہیں تھا، سیارہ برف سے ڈھکا تھا، سائنسدان

Last Updated On 11 August,2020 10:09 am

وینکوور: (روزنامہ دنیا) کینیڈا کی یونیورسٹی آف برٹش کولمبیا کے سائنسدانوں نے تازہ تجزیے کے بعد کہا کہ ماضی بعید میں مریخ پر پانی ضرور تھا لیکن وہ مائع حالت میں نہیں بلکہ منجمد برف کی شکل میں تھا۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق ماہرین نے مریخی وادیوں اور گھاٹیوں کا تجزیہ کرنے کیلئے کچھ نئی تکنیکیں وضع کرکے استعمال کیں۔ بعد ازاں جب ان کا موازنہ کینیڈا کے انتہائی شمال میں قطب شمالی کے بالکل قریب واقع برف پوش جزیروں میں برف کے نیچے بہنے والی آبی گزرگاہوں کی ساخت سے کیا گیا تو ان دونوں میں حیرت انگیز طور پر بہت زیادہ مماثلت دکھائی دی۔

اسی مماثلت کو مدنظر رکھتے ہوئے انہوں نے یہ نتیجہ اخذ کیا کہ ماضی بعید میں مریخ کی سطح پر سمندر اور دریا نہیں تھے بلکہ جگہ جگہ برفانی تودے پھیلے ہوئے تھے جن کی تہوں کے نیچے انتہائی ٹھنڈا پانی بہہ رہا تھا۔

سائنسدانوں کا خیال ہے کہ کروڑوں اربوں سال پہلے مریخ کا ماحول کسی حد تک گرم تھا جہاں دریا اور سمندر بھی تھے، بارشیں بھی ہوتی تھیں۔ تاہم اب مریخ ایک خشک سیارہ ہے جس کے قطب شمالی اور جنوبی میں برف موجود ہے۔