ڈرون کو بے بس کرنیوالی دنیا کی سب سے چھوٹی گن

Published On 14 October,2020 12:08 pm

لندن: (روزنامہ دنیا) جنگی ہتھیار تیار کرنے والے ماہرین نے دعوی کیا ہے کہ وہ ایک ایسی چھوٹی سی گن تیار کرنے میں کامیاب ہو گئے ہیں جو ڈرون طیاروں کو زمین پر گرا کر تباہ کر سکتی ہے۔

 میڈیا رپورٹ کے مطابق سپاہیوں، سکیورٹی افسروں اور ایئرپورٹ عملے کیلئے انجانے ڈرون کسی خطرے سے کم نہیں ہوتے، اس کے تدارک کیلئے بہت سے انٹی ڈرون نظام اور ہتھیار بنائے گئے ہیں لیکن اب ایک برطانوی کمپنی نے دنیا کی سب سے چھوٹی اور ہلکی ڈرون جامنگ گن بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔ اس گن کو برطانوی کمپنی ڈرون ڈیفنس نے بنایا ہے اور اسے پیلاڈائن ای 1000 ایم پی کا نام دیا گیا ہے۔

یہ ڈرون کی فریکوئنسی پر ریڈیو امواج خارج کرتی ہے۔ اس طرح ڈرون دو سگنلوں سے چکرا جاتا ہے یا تو بھٹک جاتا ہے یا پھر زمین پر گرجاتا ہے۔ اب چاہے ڈرون ویڈیو بنانے کا کام کرتا ہو یا جاسوسی کیلئے ہو، ڈرون شکن پستول سے اس کا بچنا ممکن نہیں۔ بس آپ کو گن ڈرون کی سمت کر کے فائر کا بٹن دبانا ہوگا اور ڈرون کا رابطہ اپنے مرکز سے ٹوٹ جائے گا اور وہ نیچے آ گرے گا۔

گن تیار کرنے والی کمپنی نے اس کی رینج ایک کلو میٹر بتائی ہے اور اس کے ساتھ کثیر سمتی یا یک سمتی انٹینا بھی استعمال کئے جا سکتے ہیں۔ یک سمتی کو استعمال کیا جائے تو یہ ڈرون طیارے کے سگنلز جام کرے گا جبکہ اگر کثیر سمتی انٹینا استعمال کیا جائے تو اس سے مخصوص علاقہ ڈرون کے سگنلز جام کر سکتا ہے۔