ٹک ٹاک کی جانب سے الیکٹرانک پے منٹ سروس کا آغاز

Published On 20 January,2021 12:01 pm

بیجنگ: (دنیا نیوز) عالمی شہرت یافتہ ویڈیو شیئرنگ ایپ ٹک ٹاک نے اپنے چینی ورژن ڈوئین کیلئے الیکٹرانک پے منٹ سروس شروع کی ہے جسے صارفین کے بینک اکاونٹس سے منسلک کیا جا سکے گا۔

یہ اقدام ٹک ٹاک کی مالک کمپنی بائٹ ڈانس لمیٹڈ کی جانب سے اٹھایا گیا ہے تاکہ لائیو سٹریمنگ کے ذریعے مصنوعات فروخت کرنے والوں کو سہولت فراہم کی جا سکے۔ ڈوئین-پے دیگر الیکٹرانک ادائیگی کمپنیوں کی طرح کام کرے گی جو مارکیٹ میں پہلے سے موجود مالیاتی ادائیگیوں کا عمل مزید آسان بنانے میں مددگار ثابت ہو گی۔

چین کی ابھرتی آن لائن مارکیٹ سے خریداری کیلئے کروڑوں صارفین استفادہ کرتے ہیں، اس میں سٹریٹ فوڈ سے لے کر فیشن انڈسٹری کی کمپنیاں اور صارفین شامل ہیں۔

مذکورہ الیکٹرانک پے منٹ سروس کو صارفین اپنے بینک اکاونٹس سے منسلک کرسکیں گے اور مصنوعات کو ویڈیوز کے ذریعے فروخت کرنے والے افراد بھی اپنی کمیشن وصول کرنے کے قابل ہو جائیں گے۔ بائٹ ڈانس کے مطابق مذکورہ سہولیات صارفین کو مرحلہ وار مہیا کی جائیں گی۔

واضح رہے کہ ڈوئین کمپنی نے گزشتہ برس 60 کروڑ صارفین کی فہرست مرتب کی تھی، اس کی سروسز لائیو سٹریمنگ سے لے کر اب ای کامرس تک وسعت اختیار کر چکی ہیں۔
 

Advertisement