لاہور: (دنیا نیوز) ریسکیو 1122 کو جدید ٹیکنالوجی پر منتقل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، اب ایپ کی مدد سے شہری ٹیکسی کی طرز پر قریبی ایمبولینس بھی اپنی مدد کے لیے بلا سکیں گے۔ پائلٹ پراجیکٹ لاہور سے شروع کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق ایمبولینس کی لوکیشن کو بھی ٹریس کیا جا سکے گا۔ ریسکیو کو جب کالز موصول ہوتی تھیں تو اکثر لوگوں کو پتا نہیں ہوتا تھا کہ وہ اس وقت کہاں ہیں لیکن ایپ کی مدد سے زخمیوں کی لوکیشنز ٹریس کرنے میں ایمبولینس کو بھی مدد مل سکے گی۔
ریسکیو حکام کا کہنا تھا پہلے فیز میں ریسکیو کنٹرول روم میں ایپ کوانسٹال کیا جائے گا جہاں پر کنٹرول روم میں کال موصول ہونے کے بعد زخمیوں کیلئے ایپ کی مدد سے قریبی ایمبولینس بھجوائی جائے گی۔
دوسرے فیز میں شہری اینڈ رائیڈ فون پلے سٹور سے ایپ کو ڈاؤن لوڈ کر سکیں گے۔ ریسکیو ایپ کو لاہور سے پائلٹ پراجیکٹ کے طور پر چلایا جائے گا۔
اس کی کامیابی کی صورت میں اس کو ملک بھر کی ایمبولینس سروسز کیساتھ بھی الحاق کیا جا سکے گا۔