کینبرا: (ویب ڈیسک) امریکا کی ملٹی نیشنل ٹیکنالوجی کمپنی گوگل نے دھمکی دی ہے کہ اگر ادائیگیوں کا نیا مجوزہ قانون اس پر لاگو کیا گیا تو وہ آسٹریلیا کو چھوڑ دیں گے۔
خیال رہے کہ آسٹریلیا ایسا قانون متعارف کروا رہا ہے جس کے تحت گوگل، فیس بک سمیت دیگر ٹیکنالوجی کمپنیوں کو نیوز مواد کے لیے میڈیا اداروں کو ادائیگی کرنی ہوگی۔
امریکی ٹیکنالوجی کمپنیوں کا کہنا ہے کہ قوانین انتہائی سخت ہیں۔ دوسری جانب آسٹریلوی وزیراعظم سکاٹ موریسن نے کہا ہے کہ وہ دھمکیوں کے سامنے نہیں جھکیں گے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق مجوزہ قانون کے تحت گوگل اور فیس بک اگر نیوز پبلشرز کے ساتھ ان کے مواد کی قدر کے بارے میں اتفاق نہیں کر پاتے تو وہ ایک ثالث کی موجودگی میں ان کے ساتھ مذاکرات کرنے پر پابند ہوں گے۔
گوگل آسٹریلیا کی مینیجنگ ڈائریکٹر میل سِلوا نے سینیٹ کے سامنے بیان میں اپنی کمپنی کا موقف پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ قوانین ناقابلِ عمل ہیں۔ اگر یہ تجاویز قانون بن جاتی ہیں تو اس کے بعد ہمارے پاس گوگل سرچ کو آسٹریلیا میں عدم دستیاب کرنے کے علاوہ اور کوئی حقیقی چارہ نہیں رہے گا۔