نئی دہلی: (دنیا نیوز) سرحدی جھڑپ میں شکست خوردہ بھارت نے چین سے انتقام لینے کی ٹھان لی، مودی حکومت نے ٹک ٹاک سمیت دیگر 58 چینی ایپس پر مستقل پابندی عائد کر دی۔
بھارت نے اس سے پہلے جون میں چینی فوجیوں کے ہاتھوں اپنے فوجیوں کی پٹائی کے بعد عارضی طور پر ان ایپس پر پابندی لگائی تھی جسے اب مستقل کر دیا گیا۔ ٹک ٹاک انتظامیہ نے ردعمل میں کہا ہے کہ وہ اس کا مناسب جواب دیں گے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز بھارت اور چین کے فوجیوں کے درمیان ایک مرتبہ پھر جھڑپ ہوئی، دونوں ممالک کے متنازع علاقے سکم کے سرحد پر تازہ جھڑپوں میں بھارتی فوجیوں کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔ مودی حکومت نے شرمندگی مٹانے کیلئے ٹک ٹاک پر کسر نکالنے کی ٹھانی ہے۔ چین اور بھارت کے افواج کے درمیان 6 ماہ قبل بھی لداخ میں جھڑپیں ہوئی تھیں جن میں 20 بھارتی فوجی ہلاک ہونے کی تصدیق ہوئی تھی جبکہ کرنل سمیت متعدد بھارتی فوجی چین نے قیدی بھی بنا لئے تھے۔