اسلام آباد: (دنیا نیوز) طبی ماہرین نے ٹیبز اور موبائل کے استعمال سے صحت پر مضر اثرات سے ایک بار پھر خبردار کر دیا۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ بچوں کی نشونما کیساتھ ذہنی صلاحیتیں بھی متاثر ہوتی ہیں۔ والدین کے پاس غفلت کی کوئی گنجائش نہیں۔
موبائل فون اور ٹیبز سمیت الیکڑانک گیجٹس میں آج کل بچے ہوں یا نوجوان، ہر وقت مگن رہتے ہیں۔ نقصان کس قدر زیادہ ہو رہا ہے، اکثریت اس سے بے خبر ہے۔ دن بھر موبائل اور ٹیبز پر بیٹھے رہنے سے بچے بینائی کیساتھ ہڈیوں کی کمزروی کے مرض کا بھی شکار ہو رہے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ بینائی سے متاثرہ افراد کی تعداد کے لحاظ سے پاکستان دنیا میں تیسرے نمبر پر ہے جبکہ تقریبا 50 فیصد بچے بھی اس کا شکار ہیں۔
طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ مائیں مصروف رکھنے کے لیے معصوم بچوں کو بھی ویڈیو گیمز لگا کر موبائل فون تھما دیتی ہیں، ایسا کرنا بچوں کی صحت کے لیے تباہ کن ہے۔
طبی ماہرین کا مزید کہنا تھا کہ دنیا کے کئی ممالک میں بچوں کو الیکٹرانک ڈیوائسز دینے کی سخت ممانعت ہے، ہم اگر اپنی نئی نسل کو صحت مند دیکھنا چاہتے ہیں تو فوری طور پر بچوں کی عادات بدلنی ہوں گی۔