کیلیفورنیا: (دنیا نیوز) سماجی رابطے کی سب سے مشہور ویب سائٹ فیس بک نے صارفین کو کمانے کیلئے نیا پلیٹ فارم فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔
اس کیلئے ضروری نہیں کہ صارفین کوئی پیج بنائیں یا کسی قسم کا کانٹینٹ پرڈیوس کریں، بس انھیں مختصر ویڈیو بنا کر فیس بک پر پوسٹ کرنا ہوگی۔
یہ بالکل چینی ویڈیو شیئرنگ ایپ ٹک ٹاک کی طرح ہی ہوگا لیکن اس پیشکش سے صارفین پیسے بھی کما سکیں گے۔ خیال رہے کہ فیس بک کافی عرصہ سے ٹک ٹاک کے مقابلے میں کوئی نئی ایپ سامنے میں لانے پر کام کر رہی تھی، حالیہ اعلان کو اسی کی کڑٰی قرار دیا جا رہا ہے۔
امریکی کمپنی فیس بک کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ اس کیلئے ضروری ہے کہ صارفین لائیو سٹریم ایونٹس اور کم از کم ایک منٹ دورانیے کی ویڈیوز کو اپ لوڈ کریں، اس سے پلیٹ فارم انھیں پیسہ کمانے کا ذریعہ فراہم کرے گا۔
فیس بک کے اس پرکشش پروگرام کا حصہ بننے کیلئے ضروری ہے کہ صارفین کے پیج پر فالورز کی تعداد کم از کم 10 ہزار اور 6 لاکھ منٹ ویڈیو ویوز پچھلے دو ماہ میں درکار ہوں گے، اس کے علاوہ پانچ لائیو ویڈیو یا اپ لوڈ کی جانے والی سٹریمز بھی شرائط کا حصہ ہیں۔