لاہور: (دنیا نیوز) عوام کو ان کے گھر کی دہلیز پر ریونیو سروسز کی فراہمی کیلئے بورڈ آف ریونیو پنجاب کی جانب سے ڈیجیٹل گرداوری اور دیہی مرکز مال کا قیام حتمی مراحل میں داخل ہو گیا۔
دیہی مرکز مال سے عوامی مسائل حل کرنے کا عزم ، بورڈ آف ریونیو پنجاب کی جانب سے ڈیجیٹل گرداوری اور دیہی مرکز مال کا قیام حتمی مراحل میں ہے، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو بابر حیات تارڑ نے شیخوپورہ اور ننکانہ صاحب میں دیہی مراکز مال اور ڈیجٹل گرداوری کامعائنہ کیا، فصلوں میں جا کر ڈیجیٹل گرداوری کا جائزہ لیا۔
بابر حیات تارڑ نے کہا کہ عوام کو گھر کی دہلیز پر ریونیو سروسز کی فراہمی کے مشن کو لے کر چلے ہیں، رواں ماہ 5 ہزار سے زائد دیہی مراکز مال بحال ہو جائیں گے، عوام کی مشکلات کم ہونگی، ڈیجیٹل گرداوری سے زمینوں پر قبضے کی شکایات کا خاتمہ ہو گا۔
سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو نے سیکرٹری ٹیکسز شفقت اللہ مشتاق ، ڈپٹی سیکرٹری رومان برانہ کے ہمراہ دیہی مراکز مال اور ریونیو کچہریوں میں عوام کے مسائل سنے، شکایات کا ازالہ کیا۔
بورڈ آف ریونیو پنجاب کے اس اقدام سے جہاں پٹواریوں کے زور قلم پر زد پڑے گی، وہیں عوام کو فرد اور انتقالات جیسے سنگین مسائل سے چھٹکارا ملے گا۔