ہوا میں اڑنے اور پانی پر اترنے والی مسافر بردار کشتی کا ڈیزائن پیش

Published On 19 January,2022 12:57 pm

روم: (روزنامہ دنیا) اٹلی کے "لازارینی ڈیزائن سٹوڈیو" نے ایک ایسی پرآسائش اور دیو قامت کشتی کا ڈیزائن پیش کیا ہے جو ہوا میں اڑے گی اور پانی پر اتر سکے گی۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق اس مسافر بردار کشتی کو "ائیر یاٹ " کا نام دیا گیا ہے، بنیادی طور پر یہ دو ائیر شپس کا مجموعہ ہو گی جنہیں درمیان میں ایک مرکزی ڈھانچے کے ساتھ جوڑا جائے گا۔ ان میں سے ہر ائیرشپ میں 2 لاکھ مکعب میٹر ہیلئم گیس بھری ہو گی جو اسے فضا میں بلند رکھنے میں مدد گار ہو گی۔

دوران پرواز رفتار یا سمت تبدیل کرنے کیلئے اس میں 4 بڑے پنکھے بھی نصب ہوں گے جو ائیر شپس میں لگی ہوئی بیٹریوں سے بجلی حاصل کریں گے جبکہ بیٹریوں کو ان ائیر شپس کی چھتوں پر نصب وسیع شمسی پینلوں سے چارج کیا جائے گا۔ ڈیزائنر کمپنی کے مطابق اس ائیر یاٹ میں 22 مسافر آرام سے رہ سکیں گے جبکہ یہ 111 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے پرواز کر سکے گی۔
 

Advertisement