اسلام آباد:(دنیا نیوز) چیئرمین پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن (پی ٹی اے) عامر عظیم باجوہ نے پاکستانیوں کو خوشخبری سناتے ہوئے کہا ہے کہ اعلان کیا ہے کہ اس سال کے آخر یا آئندہ سال کے اوائل میں 5 جی سپیکٹرم کی نیلامی کردی جائیگی، نیلامی کے وقت ایوی ایشن ایریاز کو مد نظر رکھیں گے اور جو مسئلہ امریکا میں درپیش آیا کوشش ہے وہ یہاں نہ آئے۔
سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے انفارمیشن ٹٰیکنالوجی کو بریفنگ دیتے ہوئے چئرمین پی ٹی اے نے کہا کہ فائیو جی کی نیلامی کیلئے حکومت نے ایڈوائزری کمیٹی بنائی ہے، سپیکٹرم کی نشاندہی پر کام شروع کر دیا گیا ہے، امریکا میں بھی فائیوجی سپیکٹرم کی نیلامی سے متعلق مسئلے کو حل کرلیاگیا ہے، امریکا میں سی بینڈ کی وجہ ایوی ایشن کو مسائل درپیش تھے، ہم سی بینڈ کے مسائل کو حل کررہے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ 2004 سے 2021 تک 5 مرتبہ سپیکٹرم کی نیلامی ہوئی، 2021 میں 1800 اور 2100 میگا ہرٹز سپیکٹرم کی نیلامی کی گئی۔
ارکان کمیٹی نے کہا کہ 2021 میں سپیکٹرم کی نیلامی میں کمپنیوں کی عدم دلچسپی سامنے آئی، پی ٹی اے بتائے تین بڑی کمپنیوں نے نیلامی میں حصہ کیوں نہیں لیا۔
عامر عظیم باجوہ نے بتایا کہ سپیکٹرم نیلامی میں تمام قواعد و ضوابط کو سامنے رکھا گیا، دنیا میں کہیں بھی 100 فیصد سپیکٹرم کی نیلامی نہیں ہوتی، ہمارے پاس جو سپیکٹرم دستیاب تھا نیلامی کیلئے پیش کردیا، فائیو جی ٹیکنالوجی کی آمد کی وجہ سے بھی کمپنیوں کی دلچسپی میں کمی آئی۔