ملکی سرکاری ویب سائٹ پر سائبر حملے

Published On 10 May,2022 08:43 pm

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزارت انفارمیشن اینڈ ٹیکنالوجی نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان کی ویب سائٹس پر سائبر حملے ہوئے ہیں۔

ترجمان وزارت آئی ٹی کا ایک بیان میں کہنا تھا کہ سائبر حملے سے متعلق رپورٹ تیار کی جا رہی ہے۔

وفاقی وزیر برائے آئی ٹی سید امین الحق کا کہنا ہے کہ وزارت آئی ٹی کے ادارے این ٹی سی کے سسٹم پر سائبر حملے کی کوشش ناکام بنا دی گئی۔ این ٹی سی کے سرورز پر مختلف محکموں کی ویب سائٹس ہیں۔ سائبر حملہ منگل کی صبح 11:30 بجے کیا گیا۔ سائبر سکیورٹی کے جامع نظام کی وجہ سے حملے ناکام بنائے گئے۔ سائبر حملے کی وجہ سے کچھ محکموں کی ویب سائٹس ازخود معطل ہوئیں لیکن تمام ویب سائٹس کو تین گھنٹے کے مختصر وقت میں فعال کر دیا گیا۔

وفاقی وزیر برائے آئی ٹی نے مزید کہا کہ سائبر حملہ ڈیٹا سینٹر پر نہیں بلکہ نیٹ ورکنگ سائیڈ پر ہوا۔

قبل ازیں ترجمان نیشنل ٹیلی کام کارپوریشن (این ٹی سی) نے کہا تھا کہ سب میرین کیبل بینڈوتھ پر سائبر حملے ہوئے ہیں۔ حملے پی ٹی سی ایل کے نیٹ ورکس پر ہوئے۔ ڈی ڈاس اٹیک میں ڈیٹا چوری نہیں ہوا۔ فائروال کے ذریعے سائبر حملے روکنے کی کوشش کی گئی۔
 

Advertisement