موبائل فون صارفین کا ڈیٹا بغیر اجازت تشہیری کمپنیوں کو دینے پر جرمانہ

Published On 17 June,2022 11:02 pm

اسلام آباد:(ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے بڑا اقدام سامنے آیا ہے جس کے مطابق اب موبائل فون صارفین کا ڈیٹا بغیر اجازت تشہیری کمپنیوں کو دینے پر جرمانہ عائد کیا جائے گا۔

صارفین کی جانب سے شکایات کے بعد وزیرِ اعظم کی ہدایت پر پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے ڈیٹا کے تحفظ کیلئے عملی اقدامات کے نفاذ کا آغاز کردیا ہے۔

سٹریٹجک ریفارمز سلمان صوفی نے کہا کہ موبائل فون صارفین کا ڈیٹا بغیر اجازت تشہیری کمپنیوں کو فراہم کرنے پر پی ٹی اے کو ٹیلی کمیونیکیشن کمپنیز کے خلاف جرمانہ عائد کرنے کی ہدایت دی گئی ہے، جون کے آخر تک اس حوالے سے تمام تکنیکی ضابطے مکمل کر لیے جائیں گے۔

مزید اصلاحات کیلئے اگلے ماہ جولائی میں صارفین کی کانفرنس میں مزید تجاویز کو پالیسی کا حصہ بنا کر اطلاق کیا جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں پہلی مرتبہ حکومت سنجیدگی سے صارفین کے ڈیٹا کے تحفظ کیلئے اقدامات اٹھا رہی ہے۔

سلمان صوفی کا کہنا تھا کہ تشہیری میسیجز کو وصول کرنے یا ان پر پابندی لگانے کا مکمل اختیار موبائل فون صارف کو فراہم کر دیا گیا ہے۔
 

Advertisement