ایلون مسک نے ٹوئٹر کو خریدنے کی ڈیل ختم کر دی

Published On 09 July,2022 08:14 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) دنیا کے امیر ترین شخص ایلون مسک نے 44 ارب ڈالر میں ٹوئٹر کو خریدنے کی ڈیل کو ختم کردیا ہے۔

ٹوئٹر کے بورڈ کے چیئرمین بریٹ ٹیلر نے ٹویٹ میں کہا کہ کمپنی طے شدہ شرائط کے مطابق معاہدے کو برقرار رکھنے کے لیے قانونی راستہ اختیار کرے گی۔

امریکی خبر رساں ادارے اے پی کے مطابق معاہدے سے دست بردار ہونے کے عوض ایلون مسک ٹوئٹر کو ہرجانے کے طور پر ایک ارب ڈالر ادا کرنے کے لیے تیار ہیں تاہم ٹوئٹر انتظامیہ نے عندیہ دیا ہے کہ معاہدہ برقرار رکھنے کے لیے قانونی راستہ اختیار کیا جائے گا۔

ایلون مسک کے اعلان کے ساتھ ہی جمعہ کو ٹوئٹر کے حصص 5 فی صد گر کر 31 اعشاریہ 81 ڈالر پر آگئے جب کہ ٹیسلا کے حصص ڈھائی فی صد بڑھ کر 752 اعشاریہ 29 ڈالر تک پہنچ گئے۔

ایلون مسک کے وکیل مائیک رنگلر نے ٹوئٹر کو خط میں کہا کہ تقریباً دو ماہ قبل مسک نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر   جعلی یا اسپام   اکاؤںٹس کے پھیلاؤ کا اندازہ لگانے کے لیے ڈیٹا طلب کیا۔ مگر ٹوئٹر یہ معلومات فراہم کرنے میں ناکام رہا ہے۔

خط میں کہا گیا ہے کہ معلومات ٹوئٹر کے کاروبار اور مالیاتی کارکردگی کے لیے بنیاد تھیں اور یہ معاہدے کو مکمل کرنے کے لیے ضروری تھیں۔