لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں مزید 80 سائٹس کو بحال کر دیا۔
پی ٹی اے کے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری بیان کے مطابق سیلاب زدہ علاقوں میں رابطہ بحال کرنے کے لیے پی ٹی اے اور ٹیلی کام آپریٹرز کی مسلسل کوششوں کے نتیجے میں ملک بھر میں متاثرہ موبائل سائٹس کی تعداد مزید کم ہو کر 568 ہو گئی ہے۔
بیان کے مطابق 24 گھنٹوں میں مزید 80 سائٹس کو بحال کیا گیا ہے اور دیگر علاقوں میں ٹیلی کام سروسز کی مکمل بحالی کے لیے اولین ترجیح پر کام جاری ہے۔ سائٹس جو فی الحال غیر فعال ہیں وہ سیلاب کی وجہ سے زیادہ تر ناقابل لرسائی اور پانی کے اندر ہیں۔ زیر آب سائٹس تک رسائی اور پانی کی نکاسی کے لیے متعلقہ سول اور فوجی حکام کے ساتھ مشترکہ کوششیں کی جا رہی ہیں۔
پی ٹی اے کے مطابق سیلاب اور طوفانی بارشوں نے ٹیلی کام کے بنیادی ڈھانچے کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچایا تھا۔ 28 اگست 2022 کو متاثرہ سائٹس کی تعداد 3386 (پاکستان بھر میں کل سائٹس کا 6.55 فیصد ) تھی، جنہیں تمام ٹیلی کام آپریٹرز کی مینٹیننس کی ٹیموں کی انتھک کوششوں سے بحال کیا گیا ہے۔
بیان کے مطابق فی الحال 850 سے زیادہ ٹیمیں صارفین کو بلا تعطل ٹیلی کام خدمات فراہم کرنے کے لیے چوبیس گھنٹے کام کر رہی ہیں۔ مزید برآں، موبائل آپریٹرز سیلاب زدہ علاقوں میں زیرو بیلنس کے ساتھ صارفین کو عوامی خدمت کے طور پر مفت آن نیٹ منٹ فراہم کررہے ہیں۔