حکومت کا عوام کو آسان اقساط پر سمارٹ فونز دینے کا اعلان

Published On 23 November,2022 06:58 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز، ویب ڈیسک) حکومت پاکستان نے سمارٹ فونز تک ملک کے تمام شہریوں کی رسائی کے لیے نیا پروگرام متعارف کرانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اس پروگرام کے تحت شہریوں کو ایک لاکھ روپے تک کے سمارٹ فونز آسان اقساط پر فراہم کیے جائیں گے، پرسنل ڈیٹا پروٹیکشن کا بل جلد آرہا ہے، ٹک ٹاک آفس اگلے ہفتے پاکستان آ رہا ہے، گوگل نے پاکستان میں آپریشنز شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے لیے کمپنی کا وفد آئندہ ماہ پاکستان کا دورہ کرے گا۔

اسلام آباد میں سمارٹ فون فار آل کے عنوان سے ہونے والی ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی امین الحق نے بتایا کہ اس سکیم کے تحت ہر فرد 20 سے 30 فیصد ادائیگی پر کوئی بھی موبائل فون حاصل کرسکے گا، سمارٹ فونز کو اقساط میں لینے کے لیے کسی ضمانت یا کاغذی کارروائی کی ضرورت نہیں ہوگی بلکہ صرف شناختی کارڈ پر موبائل فون کا حصول ممکن ہوگا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ سمارٹ فون فار آل سکیم کے تحت 10 ہزار سے ایک لاکھ روپےمالیت کے اسمارٹ فونز 3 سے 12 ماہ کی اقساط میں دیے جائیں گے، اگر کسی فرد کی جانب سے اقساط کی ادائیگی نہیں کی گئی تو فون کو لاک کردیا جائے گا جس کے بعد وہ دنیا میں کہیں بھی استعمال نہیں ہوسکے گا۔

وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ اس سکیم کا مقصد عام آدمی تک سمارٹ فون پہنچانا اور چھوٹے کاروباری افراد کو ای کامرس کی جانب لانا ہے، تاہم انہوں نے پروگرام کے آغاز کی تاریخ پر کوئی بات نہیں کی۔

ان کا کہنا تھا کہ کنکٹیویٹی سہولیات کے لیے 65 ارب روپے سے 70 سے زائد پروجیکٹس پر کام جاری ہے، ماضی میں پاکستان کی کسی حکومت نے ملک میں موبائل فون بنانے کا نہیں سوچا تھا مگر آج وزارت آئی ٹی کی بدولت پاکستان میں 29 کمپنیاں موبائل فونزبنارہی ہیں۔

اپنے خطاب میں امین الحق نے کہا کہ پاکستان میں 1989میں موبائل فون آیا، ہمیں میڈان پاکستان پر کام کرنا ہے، پاکستان میں موبائل فونز کی تیاری کیلئے قانون سازی کی، آج 29 کمپنیاں پاکستان میں موبائل تیار کر رہی ہیں۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ پرسنل ڈیٹا پروٹیکشن کا بل جلد آرہا ہے، نئی آئی ٹی پالیسی پر کام کر رہے ہیں جو کہ بزنس فرینڈلی ہوگی، نیشنل سکیورٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، ٹک ٹاک آفس اگلے ہفتے پاکستان آ رہا ہے، فیس بک بھی جلد پاکستان میں اپنا دفتر بنائے گا۔

پاکستان میں وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی کے حکام کے مطابق گوگل نے پاکستان میں آپریشنز شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے لیے کمپنی کا وفد آئندہ ماہ پاکستان کا دورہ کرے گا، آئی ٹی کمپنی گوگل نے پاکستان میں آپریشنز شروع کرنے کی درخواست رواں سال مئی میں دی تھی جس کے بعد کمپنی پاکستان میں آپریشنز شروع کرنے کے لیے قانونی تقاضے پوری کر رہی ہیں۔

حکام کے مطابق گوگل نے پاکستان میں آپریشنز کے آغاز کے لیے ایس ای سی پی سے کلیرئنس کے لیے بھی رابطہ کیا ہے، ابتدا میں گوگل پاکستان میں آئی ٹی کے شعبے میں سکالرشپس فراہم کرے گی اور امید ہے کہ 10 ہزار سے زائد طلبا کو پاکستان میں سکالرشپ کی سہولت دی جائے گی، اس حوالے سے بات چیت کا عمل مکمل ہوچکا ہے۔
وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی امین الحق نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ گوگل کے ساتھ بات چیت کا عمل کافی عرصے سے جاری تھا، گوگل کا اعلٰی سطح کا وفد دسمبر کے دوسرے ہفتے میں پاکستان کا دورہ کر رہا ہے، گوگل کے وفد کے دورہ پاکستان کے دوران مزید بات چیت ہوگی اور ہم پر امید ہیں کہ گوگل پاکستان میں اپنا دفتر بھی کھولے گا، گوگل ہمارے طالب علموں کو سکالر شپ دے گا، جلد ہی پاکستان کی پارلیمنٹ سائبر ایفیشنٹ ہوگی، پارلیمنٹ سے فائلیں ختم کر کے ٹیبلٹ پر شفٹ کیا جائے گا۔
 

Advertisement