پاکستانی سائنسدان نے پانی سے پلاسٹک کے مائیکرو ذرات نکالنے کا طریقہ ڈھونڈ نکالا

Published On 10 December,2022 11:39 am

لاہور: (ویب ڈیسک) پانی میں پلاسٹک کے ذرات کی وجہ سے آبی حیات کے ساتھ ساتھ انسانوں کی صحت پر بھی اس کے منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں جس کے پیش نظر پاکستانی سائنسدان نے پلاسٹک کے مائیکرو ذرات کو پانی سے علیحدہ کرنے کا طریقہ دریافت کر لیا۔

پلاسٹک کے مائیکرو ذرات کو پانی سے علیحدہ کرنا پہلے ممکن نہیں تھا لیکن آسٹریلیا میں زیر تعلیم پاکستانی سائنسدان محمد حارث نے اب ایک ایسا جادوئی پاؤڈر تیار کیا ہے جو پانی سے مائیکرو پلاسٹک کے ذرات کو کسی مقناطیس کی طرح اپنے اندر جذب کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے، پاکستانی سائنسدان کی دریافت کو امریکا سمیت مغربی دنیا میں بڑی کامیابی قرار دیا جا رہا ہے۔

محمد حارث کا نجی ٹی وی کو ایک انٹرویو میں کہنا تھا اس کی مثال آپ اس طرح سے لے لیں کہ ایک کار پارکنگ ہے، جس میں مختلف منزلیں ہیں، جس کے درمیان میں آپ مختلف پلرز کھڑے کر دیتے ہیں، اسی طرح کا اسٹرکچر ہمارے مٹیریل کا بھی ہے جس کی وجہ سے زیادہ پانی بیچ میں سے گزر سکتا ہے اور زیادہ مائیکرو پلاسٹک کے ذرات اس مقناطیسی پاؤڈر کے ساتھ لگ سکتے ہیں۔

مائیکرو پلاسٹک کے ذرات کو پانی سے علیحدہ کرنے کے لیے استعمال ہونے والے پاؤڈر کے صحت پر منفی اثرات سے متعلق سوال پر محمد حارث نے بتایا کہ یہ زیتون کے تیل کو استعمال کرتے ہوئے بنایا گیا ہے اور اس میں آئرن کے پارٹیکلز بھی استعمال کیے گئے ہیں، یہ ایک قسم کا نقصان نہ پہنچانے والا پاؤڈر ہے، ہم نے اپنی لیبارٹری میں اس کا تجربہ کیا ہے جو بالکل بھی نقصان دہ نہیں ہے۔

محمد حارث کا کہنا تھا ابھی تو ہم نے صرف تجرباتی طور پر یہ ثابت کیا ہے کہ کس طرح سے پانی سے مائیکرو پلاسٹک کے ذرات کو کامیابی کے ساتھ علیحدہ کیا جا سکتا ہے لیکن ہمارا منصوبہ ہے کہ ہم اس چیز کو آگے لیکر چلیں اور انڈسٹریز کے ساتھ مل کر بڑے پیمانے پر کام کریں۔