واٹس ایپ نے صارفین کی سہولت کیلئے نیا فیچر متعارف کروا دیا

Published On 12 January,2023 09:08 am

لاہور: (ویب ڈیسک) واٹس ایپ کا دنیا بھر میں استعمال تقریباً 3 ارب کے قریب لوگ کرتے ہیں مگر موجودہ دور میں لوگ بہت جلد سمارٹ فونز بدلتے رہتے ہیں جس کے باعث واٹس ایپ ڈیٹا کو ایک سے دوسرے اینڈرائیڈ فون میں گوگل ڈرائیو کے ذریعے ٹرانسفر کرنا اکثر مشکل ہوتا ہے اور کافی وقت بھی لگ جاتا ہے۔

مگر میٹا کی زیرملکیت میسجنگ ایپ نے یہ عمل اینڈرائیڈ فونز کے صارفین کیلئے اب بہت آسان کر دیا ہے

WABetaInfo کی رپورٹ کے مطابق واٹس ایپ کے بیٹا ورژن میں ایک سے دوسرے اینڈرائیڈ فون میں وائی فائی کے ذریعے واٹس ایپ ڈیٹا ٹرانسفر کرنے کا نیا فیچر متعارف کرایا گیا ہے، اس فیچر سے ڈیٹا ٹرانسفر کرنے کے لئے گوگل ڈرائیو کی ضرورت نہیں پڑے گی اور ایسا کیو آر کوڈ سے ممکن ہو جائے گا۔

یہ نیا چیٹ فیچر واٹس ایپ کے بیٹا ورژنز 2.23.1.26 اور 2.23.1.27 میں چند صارفین کو دستیاب ہے، اس کا استعمال بھی بہت آسان ہے جب بھی آپ کسی نئی اینڈرائیڈ ڈیوائس میں واٹس ایپ انسٹال کریں تو امپورٹ چیٹس کے آپشن کا انتخاب کریں، ایسا کرنے سے ڈیوائس کا کیمرا کیو آر کوڈ اسکین کرنے کے لئے اوپن ہوجائے گا۔

اب اپنی پرانی ڈیوائس میں واٹس ایپ سیٹنگز میں جا کر ایکسپورٹ ڈیٹا کے آپشن کو سلیکٹ کریں جس سے ایک کیو آر کوڈ سامنے آجائے گا، پھر نئی ڈیوائس سے کیو آر کوڈ کو اسکین کرنے سے ڈیٹا ٹرانسفر ہوجائے گا۔

اس نئے فیچر سے نہ صرف چیٹ ڈیٹا ٹرانسفر کرنے میں آسانی ہوگی بلکہ اس عمل کو تیز بھی کر دے گا۔

ابھی یہ تو واضح نہیں کہ تمام صارفین کے لئے اسے کب تک متعارف کرایا جاسکتا ہے مگر امکان ہے کہ آنے والے مہینوں میں یہ فیچر سب کو دستیاب ہوگا۔