اسلام آباد: (ویب ڈیسک) نوجوانوں میں تیزی سے مقبول ہونے والے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹک ٹاک اور ایڈکاسا نے ہزاروں پاکستانی طلباء و طالبات کے لئے تعلیمی وظائف کا اعلان کر دیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق ٹک ٹاک، ایڈ ٹیک اور ایڈکاسا نے پورے پاکستان میں 18 ہزار مستحق طلباء و طالبات کو آئن لائن تعلیم کے لئے گرانٹس دینے کا اعلان کیا ہے، وظائف کا مقصد طلباء کی معیاری تعلیم تک رسائی کو ممکن بنانا ہے۔
ٹک ٹاک کی ہیڈ آف گورنمنٹ ریلیشنز اینڈ پبلک پالیسی برائے مشرق وسطی و جنوبی ایشیاء فرح توکان کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ تعلیم ہمارے لیے کلیدی حیثیت رکھتی ہے، ٹاک ایک ایسا پلیٹ فارم ہے جو متعدد کیٹیگریز میں مختلف کونٹینٹ پیش کرتا ہے، ہمیں پاکستان میں آئندہ نسلوں پر مثبت اثرات مرتب کرنے کے لئے ملک بھر میں خواندگی کے فروغ میں کردار ادا کرنے پر خوشی ہے۔
دوسری جانب ایڈکاسا کے چیف ایگزیکٹو آفیسر فہد تنویر نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ہمیں ٹک ٹاک پر سیکھنے کے مواد میں بڑے پیمانے پر دلچسپی اور خصوصی طور پر طلباء کی دلچسپی دیکھ کر بے حد خوشی ہوئی ہے، پاکستان کو جدید اور معیاری تعلیمی وسائل کی ضرورت ہے جو نوجوانوں کو مقابلے کی دنیا میں مدد فراہم کر سکیں۔
خیال رہے کہ ٹک ٹاک اور ایڈکاسا کی جانب سے اعلا کردہ وظائف غریب اور کم مراعات یافتہ طبقے سے تعلق رکھنے والے طلباء کو فراہم کیے جائیں گے تاکہ ان کے لئے حصول علم کی راہ میں حائل مشلات کو دور کیا جا سکے۔