کیلی فورنیا : ( ویب ڈیسک ) میٹا کی جانب سے امریکا کے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے فیس بک اور انسٹاگرام اکاؤنٹس کی معطلی ختم کرنے کا اعلان کر دیا گیا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق میٹا نے اپنے اعلان میں کہا ہے کہ سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو فیس بک اور انسٹاگرام پر واپس آنے کی اجازت دی جائے گی اور کمپنی دوسال سے معطل کئے گئے ان کے اکاؤنٹس آئندہ ہفتوں تک بحال کردے گی۔
میٹا کے عالمی امور کے صدر نک کلیگ نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ عوام کو یہ سننے کے قابل ہونا چاہیے کہ ان کے سیاستدان کیا کہہ رہے ہیں۔
نک کلیگ نے کہا کہ ٹرمپ کی جانب سے کیپٹل ہل حملوں میں ملوث افراد کو سراہا گیا تھا جس کی وجہ سے کمپنی نے کارروائی کی تھی جو کہ ایک غیر معمولی حالات میں لیا گیا ایک غیر معمولی فیصلہ تھا۔
واضح رہے کہ سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے فیس بک اور انسٹاگرام اکاؤنٹس کو 2021 میں کیپٹل ہل ہنگاموں کے بعد غیر معینہ مدت کے لیے معطل کر دیا گیا تھا۔