کیلی فورنیا : ( ویب ڈیسک ) دنیا کی سب سے بڑی انسٹنٹ میسیجنگ ایپلی کیشن واٹس ایپ نے آئندہ دنوں میں ایپلی کیشن میں متعدد نئے سٹیٹس فیچرز متعارف کرانے کا اعلان کر دیا۔
رپورٹس کے مطابق واٹس ایپ انتظامیہ کی جانب سے وائس سٹیٹس کا فیچر متعارف کروانے کی تصدیق کر دی گئی ہے جس کے حوالے سے گزشتہ چند روز سے خبریں زیر گردش تھیں، فیچر کے تحت صارفین 30 سیکنڈ دورانیے کی آڈیو سٹیٹس پر شیئر کر سکیں گے۔
مذکورہ فیچر کے تحت وائس نوٹ صارف کے سٹیٹس پر صرف 24 گھنٹے تک موجود رہے گا اور یہ فیچر ویڈیو یا دیگر سٹیٹس کی طرح کام کرے گا اگر صارف اپنی آواز یا وائس نوٹ سے مطمئن نہ ہو تو اسے شیئر کرنے سے قبل ڈیلیٹ بھی کر سکے گا۔
علاوہ ازیں ایپ انتظامیہ نے سٹیٹس ری ایکشن کا فیچربھی متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے جس کے تحت صارفین تمام سٹیٹس کو دیکھنے کے بعد ان پر رد عمل بھی دے سکیں گے۔
امکان ہے کہ تمام فیچرز جلد ہی ترتیب وار صارفین کو میسر ہوں گے اور ممکنہ طور پر اپریل تک فیچرز پاکستانی صارفین تک بھی پہنچ جائیں گے۔