نیویارک : ( ویب ڈیسک ) امریکا کے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے فیس بک اور انسٹاگرام اکاؤنٹس کو دو سال سے زائد عرصے تک معطل رہنے کے بعد بحال کر دیا گیا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کی پیرنٹ کمپنی میٹا نے ڈونلڈ ٹرمپ کے اکاؤنٹس بحال ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ سابق امریکی صدر نے اگر دوبارہ قواعد کی خلاف ورزی کی تو ان کے اکاؤنٹس پھر سے معطل کئے جا سکتے ہیں۔
ٹرمپ کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس جنوری 2021 میں کیپیٹل ہل پر حملے کے بعد معطل کردیے گئے تھے جس پر انہوں نے اس اقدام کو 2020 کے صدارتی انتخابات میں انہیں ووٹ دینے والے لاکھوں افراد کی توہین قرار دیا تھا۔
سابق امریکی صدرکے فیس بک پر 34 ملین اور انسٹاگرام پر 23 ملین سے زیادہ فالوورز ہیں، گزشتہ ماہ میٹا کی جانب سے اعلان کیا گیا تھا کہ ان کے اکاؤنٹس پر عائد پابندی جلد ختم کردی جائے گی۔
واضح رہے کہ گزشتہ سال نومبر میں ڈونلڈ ٹرمپ 2024 کے صدارتی انتخابات میں حصہ لینے کا اعلان کرچکے ہیں۔