سان فرانسسکو: (ویب ڈیسک)گوگل کو مصنوعی ذہانت سے چلنے والے اپنے چیٹ بوٹ ’بارڈ‘ کی ایک غلطی کی وجہ سے 100 ارب ڈالر کا نقصان ہوا ہے۔
دنیا کے مقبول ترین سرچ انجن گوگل نے ’’چیٹ جی پی ٹی (ChatGPT) ’‘ کے مقابلے میں مصنوعی ذہانت سے چلنے والے اپنے چیٹ بوٹ ’بارڈ (bard)‘ کی تعارفی ویڈیو جاری کی تھی۔
گوگل کی اس ویڈیو میں دکھایا گیا ہے کہ ایک شخص ’بارڈ‘ میں ٹائپ کرتا ہے کہ خلائی دوربین جیمز ویب کے ذریعے ایسی کون سی چیز دریافت کی گئی ہے جس کے بارے میں وہ اپنے نو سالہ بچے کو آگاہ کر سکے؟
اس کے جواب میں ’بارڈ‘ کا جواب ٹائپ شدہ نظر آتا ہے جس میں کئی تفصیلات موجود ہیں۔ساتھ ہی ایک جواب یہ بھی ہے کہ جیمز ویب ٹیلی سکوپ کے ذریعے سب سے پہلے نظامِ شمسی سے باہر کسی سیارے کی تصویر لی گئی تھی جو کہ درست نہیں تھا۔
عالمی طور پر یہ تسلیم شدہ بات ہے کہ نظامِ شمسی سے باہر کسی سیارے کی سب سے پہلی تصویر 2004 میں یورپین سدرن آبزرویٹری کے ویری لارج ٹیلی سکوپ (وی ایل ٹی) کے ذریعے لی گئی تھی۔
اس ویڈیو میں غلطی کی نشاندہی پر سٹاک مارکیٹ میں گوگل کے شیئرزکی قیمت میں 9 فی صد تک کمی آئی ہے،’بارڈ‘ کی اس غلطی نے گوگل کی مالک کمپنی الفا بیٹ انکارپوریشن کو 100 ارب ڈالر کا جھٹکا دے دیا ہے۔