اسلام آباد: (دنیا نیوز) حکومت اور افواج پاکستان کا ترکیہ کے بھائیوں کی امداد کا مشن جاری ہے، ریسکیو ٹیموں نے 6 سے زائد افراد کو ملبے سے زندہ نکال لیا۔
پاک آرمی کی ریسکیو ٹیمیں اب تک مجموعی طور پر 51 سے زاٸد جگہوں پر ریسکیو اینڈ سرچ آپریشن میں سرگرم عمل ہیں، شب و روز کاوشوں کے نتیجے میں 6 سے زائد افراد کو زندہ نکالا گیا ہے، پاکستان آرمی کی سرچ اور ریسکیو ٹیموں نے 9 سالہ بچی کو 102 گھنٹوں کے بعد ملبے تلے سے زندہ نکالا۔
این ڈی ایم اے بھی ترک بھائیوں کی امداد کے لئے مصروف عمل ہے، 7.5 ٹن سے زائد خیموں اور دیگر سامان کی کھیپ پر مشتمل پی آئی اے کی پرواز اسلام آباد سے روانہ ہوئی، اس کے علاوہ لاہور سے اڑنے والا امدادی سامان پر مشتمل پی اے ایف کا طیارہ ترکیہ ائیرپورٹ پر پہنچ گیا۔
اس سے قبل بھی حکومت پاکستان کی طرف سے بھیجا گیا امدادی سامان ترکیہ کے زلزلہ زدگان میں تقسیم کر دیا گیا، دوسری جانب ترکیہ کے عوام، پاکستانی بھائیوں کی امداد اور کاوشوں پر شکرگزار ہیں۔