پاکستان کے پسماندہ علاقوں کی ترقی میں اٹلی کا تعاون قابل قدر ہے: مقررین

Published On 11 February,2023 08:00 pm

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پی پی آر پروگرام کی اختتامی تقریب کے دوران خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ پاکستان کے پسماندہ علاقوں کی ترقی میں اٹلی کے تعاون نے قابل قدر کردار ادا کیا۔

اٹلی کے بین الاقوامی ترقیاتی ادارے(اے آئی سی ایس) اور پاکستان پاورٹی ایلیویشن فنڈ (پی پی اے ایف)کے اشتراک سے شروع کئے جانے والے پروگرام برائے انسداد غربت(پی پی آر)کے باعث بلوچستان اور خیبر پختونخوا کے 14پسماندہ اضلاع میں مختلف اقدامات کئے گئے جن کی بدولت ان علاقوں معاشی اور سماجی طور پر کمزور طبقات کی زندگیوں میں نمایاں بہتری دیکھنے میں آئی۔

تقریب میں مختلف ممالک کے سفارتی حکام، حکومتی اداروں کے متعلقہ افسران، سول سوسائٹی کے نمائندوں اور پروگرام سے مستفید ہونے والی آبادیوں کے نمائندوں نے شرکت کی، پاکستان میں متعین اٹلی کے سفیر اندریاس فریرزے نے اس موقع پر کہا کہ اٹلی پاکستان کے ساتھ مختلف شعبوں بشمول معاشی اور ترقیاتی تعاون میں اضافے کا خواہاں ہے۔

انہوں نے کہا کہ انہیں یہ جان کر خوشی ہوئی کہ پی پی اے ایف پسماندہ علاقوں سے تعلق رکھنے والے لوگوں کی زندگیوں میں حقیقی تبدیلی لا رہا ہے اور اٹلی کی جانب سے پاکستان کے ساتھ ترقیاتی شعبے میں تعاون کا یہ اہم ترین مقصد ہے۔

اٹلی کے بین الاقوامی ترقیاتی ادارے کی پاکستان میں سربراہ امانیولا بنینی کہا کہ پی پی آر پروگرام پاکستان کے پسماندہ اضلاع میں معاشی طور پر کمزور طبقات کے لئے روزگار کے نئے مواقع کے علاوہ صحت اور تعلیم جیسی سہولتوں میں بہتری لانے کا باعث بنا۔

پی پی اے ایف کے چیف آپریٹنگ آفیسر نادر گل بڑائچ نے پروگرام کی مختلف جزئیات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ہم اٹلی کی حکومت اور عوام کے شکر گزار ہیں جنہوں نے حکومت پاکستان اور پی پی اے ایف پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے ہمارے ساتھ اشتراک کار کیا۔

انہوں نے کہا کہ اس تعاون کے تحت ہمیں پاکستان کے ترقی کی دوڑ میں پیچھے رہ جانے والے علاقوں سے تعلق رکھنے والے عوام کی زندگیوں میں بہتری لانے کا موقع ملا۔

پی پی آر پروگرام کے تحت بلوچستان اور خیبر پختونخوا کے 14پسماندہ اضلاع میں بنیادی ڈھانچے میں بہتری، ہنرمندانہ تربیت، زیتون، ماہی پروری وغیرہ کی ویلیو چین اور دیگر اقدامات کی بدولت ترقیاتی عمل کو تیز کرنے کی سعی کی گئی جس کے ان علاقوں میں نمایاں بہتری کے حامل اثرات مرتب ہوئے۔
 

Advertisement