دوسری جنگ عظیم میں جرمن فوج کا پھینکا گیا بم کئی دہائیوں بعد پھٹ گیا

Published On 11 February,2023 10:42 pm

لندن: (ویب ڈیسک) دوسری جنگ عظیم کے دوران پھینکا گیا بم لگ بھگ 80 سال بعد برطانیہ میں اب زور دار دھماکے سے پھٹ گیا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق بم پھٹنے کا یہ واقعہ برطانیہ کی نان میٹرو پولیٹن کاؤنٹی نورفوک میں پیش آیا جس کی تصدیق نورفوک پولیس کی طرف سے کر دی گئی ہے۔

گزشتہ شام 5 بجے کے قریب گریٹ یارمتھ نامی ٹاؤن میں پھٹنے والے بم کے دھماکے سے پورا ٹاؤن گونج اٹھا اور دھوئیں کا ایک بادل شہر پر منڈلانے لگا، جیک اونیٹ نامی شہری، جس کا گھر بم پھٹنے کی جگہ کے بالکل قریب تھا، نے بتایا ہے کہ یہ ایک خوفناک آواز تھی، جس نے علاقے کے ہر شخص کو خوفزدہ کر دیا تھا۔

رپورٹ کے مطابق جیک اونیٹ کا کہنا تھا کہ دھماکے سے ہمارے گھر لرز کر رہ گئے اور ایسا لگا جیسے یہ ابھی زمین بوس ہو جائیں گے، دھماکے کے بعد خوف کی وجہ سے کئی گھنٹے ہم نے گھر سے باہر گزارے۔

نورفوک پولیس کی طرف سے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ کے ذریعے بتایا گیا ہے کہ یہ دھماکہ کسی منصوبہ بندی کے بغیر اچانک ہوا، اس بم کو ناکارہ بنانے کی کوشش کی جا رہی تھی جب یہ دھماکے سے پھٹ گیا۔

یہ 250 کلو گرام وزنی بم جرمن فوج کی طرف سے دوسری جنگ عظیم میں برطانیہ پر پھینکا گیا تھا جو اس وقت کسی وجہ سے پھٹ نہ سکا، پولیس کے مطابق یہ بم Yare نامی دریا میں پایا گیا تھا۔

دریا سے نکالنے کے بعد اسے وہاں سے منتقل کرنا خطرناک سمجھا گیا چنانچہ دریا کے کنارے پر ہی اس کے چاروں طرف ریت سے بھری بوریوں کی 8 فٹ بلند دیوار کھڑی کر دی گئی، جس کی وجہ سے بم پھٹنے سے کوئی نقصان نہیں ہوا۔
 

Advertisement