تہران : (ویب ڈیسک ) ایران میں برطانوی شہریت رکھنے والے سابق نائب وزیر دفاع علی رضا اکبری کی پھانسی پر برطانیہ کا ردعمل آگیا ، برطانیہ نے ایران میں اپنے سفیر کوعارضی طور پر واپس بلانےکا فیصلہ کرلیا۔
برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق برطانوی وزیر خارجہ جیمز کلیورلی کا کہنا ہے کہ ایران سے اپنے سفیر کو عارضی طور پر واپس بلائیں گے جبکہ آئندہ اقدامات کا فیصلہ مشاورت سے کیا جائے گا ۔
برطانیہ نے ایران میں علی رضا اکبری کی پھانسی پر ردعمل دیتے ہوئے ایرانی پراسیکیوٹر جنرل محمد جعفر منتظری پر بھی پابندیاں عائد کی ہیں ۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز ایران نے سابق نائب وزیر دفاع علی رضا اکبری کو برطانیہ کے لیے جاسوسی کے الزام میں پھانسی دی ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق ایرانی عدلیہ نے علی رضا اکبری کوبرطانیہ کیلئے جاسوسی کے الزام میں سزائے موت دی ، اس کے علاوہ ان پر جوہری سائنسدان محسن فخری زادے کے قتل میں کردار ادا کرنے کا الزام بھی عائد کیا گیا تھا۔
علی رضا اکبری ، 1997 سے 2005 میں صدر محمد خاتمی کے دور میں نائب وزیر دفاع کے عہدے پر فائز رہے تھے ۔
سابق نائب وزیر دفاع کو 2019 میں گرفتار کیا گیا تھا اور بدھ کے روز سزائے موت سنائی گئی تھی۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق برطانیہ نے علی رضا اکبری کی سزائے موت کو سیاسی محرک قراردے کر فوری رہائی کا مطالبہ کیا تھا۔