لندن : (ویب ڈیسک ) برطانیہ میں 18 برس تک کے تمام طلبہ کیلئے ریاضی کے مضمون کو لازمی قرار دینے کا فیصلہ کرلیا گیا ۔
برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق برطانوی وزیراعظم رشی سونک نے عہدہ سنبھالنے کے بعد برطانوی تعلیمی نظام میں بڑی تبدیلی کامنصوبہ بنایا ہے۔
اس نئے منصوبے کے تحت 18برس کی عمر تک کے تمام طلبہ کے لیے ریاضی کے مضمون کو نصاب میں لازمی پڑھایا جائے گا تاکہ بچوں کے سوچنے، سمجھنے اور ذہن کو مزید تخلیقی بنایا جاسکے ۔
اس منصوبے کے ذریعے برطانوی قوم کو حساب کتاب میں نمایاں مقام دلانےکی تیاری کی جارہی ہے۔
رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ پارلیمنٹ سے خطاب میں رشی سونک یہ اعلان کریں گے کہ مستقبل میں برطانیہ میں نوکری کے حصول کے لیے تجزیاتی صلاحیتیں درکارہوں گی اور اسی لیے ریاضی کے مضمون کو پڑھنا لازمی ہوگا ، ابھی یہ واضح نہیں کہ آرٹس ، ہیومینٹیز اور بی ٹیک کے طلبہ یہ مضامین پڑھیں گے یا نہیں ، البتہ اے لیول کو لازمی قرار دینے کا کوئی منصوبہ نہیں ۔
رپورٹس کے مطابق برطانوی ماہرین کی جانب سے اگلے آٹھ برسوں میں 16 سے 18 سال کی آبادی میں اضافے کی پیشگوئی کی گئی ہے ۔