کم عمر ٹک ٹاک صارفین کیلئے یومیہ 60 منٹ کی سکرین ٹائم حد مقرر

Published On 03 March,2023 03:09 am

بیجنگ : ( ویب ڈیسک ) سوشل ویڈیو شیئرنگ ایپلی کیشن ٹک ٹاک نے اپنا نیا فیچر متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے جس کے تحت 18 سال سے کم عمر افراد کے اکاؤنٹ کو یومیہ صرف 60 منٹ تک ایپ استعمال کرنے کی اجازت ہوگی۔

رپورٹس کے مطابق ٹک ٹاک نے اعلان کیا ہے کہ جلد ہی ایپ پر ایسا بائی ڈیفالٹ فیچر پیش کیا جائے گا جس سے 18 سال سے کم عمر افراد روزانہ صرف ایک گھنٹے تک ہی ایپلی کیشن  استعمال کرنے کے قابل ہوں گے۔

ایک گھنٹے کا وقت مکمل ہونے کے بعد صارف کے پاس پاپ اپ ونڈو میں ایک پیغام آئے گا جس میں دیئے گئے وقت ( ایک گھنٹہ ) کے مکمل ہونے بارے اطلاع دی جائے گی تاہم فیچر کے تحت ابتدائی طور پر صارفین ایپلی کیشن کے استعمال کا وقت 60 منٹ سے بڑھا کر 100 منٹ تک کر سکیں گے۔

علاوہ ازیں ٹک ٹاک نے والدین کی نگرانی کو بڑھانے کے لیے بھی چند نئے فیچرز کا اعلان کیا ہے جن کے تحت والدین اپنے بچوں کی ایپ سے قابل اعتراض مواد ہٹا سکیں گے۔