موبائل سروس ڈاؤن گریڈ ہونے کے معاملے پر وزارت آئی ٹی نے فریم ورک تیار کر لیا

Published On 06 March,2023 11:08 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) ملک بھر میں موبائل سروس ڈاؤن گریڈ ہونے کے معاملے پر وزارت آئی ٹی و ٹیلی کام نے انفراسٹرکچر شیئرنگ فریم ورک تیار کر لیا۔

موبائل کمپنیوں کے اخراجات زیادہ ہونے سے سروسز متاثر ہو رہی ہیں، وفاقی حکومت نے موبائل نیٹ ورک شیئرنگ پالیسی پر کام تیز کر دیا، انفراسٹرکچر شئیرنگ فریم ورک سے صارفین کو سروس کی فراہمی بہتر ہو سکے گی اور موبائل آپریٹرز پر مالی بوجھ کم ہو گا، اس کے علاوہ صارفین کو اپنے علاقوں میں ایک موبائل ٹاور کے ذریعے ہی تمام سروسز دستیاب ہوں گی۔

فریم ورک پر عمل کرنے سے افرادی قوت میں کمی آئے گی اور نیٹ ورک پر اخراجات کم ہوں گے، دور دراز علاقوں میں بھی ایک ہی ٹاور سے تمام موبائل سروسز فراہم کی جا سکیں گی، اس حوالے سے موبائل آپریٹرز سے ہونے والی مشاورت میں اتفاق رائے پایا گیا ہے، لائسنس یافتہ آپریٹرز اپنے انفراسٹرکچرز شئیر کریں گے، انفراسٹرکچر شئیرنگ سے موبائل ٹاورز میں بھی کمی ہوگی۔

موبائل آپریٹرز کا کہنا ہے کہ اس وقت موبائل کمپنیوں کے 200 سے 220 روپے فی صارف اخراجات آ رہے ہیں، موبائل کمپنیوں کے اخراجات زیادہ ہیں اور آمدن کم ہے، موبائل انڈسٹری موبائل پیکیج یا سروسز پاکستان میں دنیا بھر کی نسبت کم قیمتوں پر دستیاب ہیں، موبائل انفراسٹرکچر شیئرنگ فریم ورک پر وزارت آئی ٹی نے تمام سٹیک ہولڈرز سے رائے طلب کی ہے۔
 

Advertisement