لاہور : ( ویب ڈیسک ) پاکستان سپر لیگ ( پی ایس ایل ) کی ٹیم لاہور قلندرز کے فاسٹ باؤلر زمان خان نے کہا ہے کہ پاکستان کی قومی ٹیم اور پشاور زلمی کے کپتان بابر اعظم کی وکٹ لینا چاہتا ہوں، اب تک موقع نہیں ملا لیکن آئندہ میچز میں کوشش کروں گا۔
نجی ٹی وی کو دیئے گئے ایک انٹرویو کے دوران فاسٹ باؤلر کا کہنا تھا کہ حارث رؤف اور شاہین آفریدی جیسے باؤلرز کے ساتھ کھیلنے پر بہت خوش ہوں، بہت کچھ سیکھنے کو ملتا ہے، کبھی کچھ پوچھ لیتا ہوں اور کبھی دیکھ کر ہی سیکھ لیتا ہوں۔
زمان خان نے کہا کہ ڈیتھ اوورز کی باؤلنگ بہتر کرنے کیلئے محنت کررہا ہوں، سیزن ختم بھی ہوجائے تو پریکٹس کا سلسلہ جاری رہتا ہے، نئے اور پرانے گیند سے یارکرز، سلوور اور سلو باؤنسرز کرانے کی پریکٹس کرتا ہوں۔
انہوں نے مزید کہا کہ قلندرز کا ماحول بہت انجوائے کررہے ہیں، ٹیم میں فیملی جیسا ماحول ہے، لاہور قلندرز کا حصہ بننے کے بعد کسی اور فرنچائز میں جانے کا دل نہیں چاہتا۔