لاہور : ( ویب ڈیسک ) پاکستان سپر لیگ ( پی ایس ایل ) کی ٹیم لاہور قلندرز کے کھلاڑی سیم بلنگز نے کہا ہے کہ قلندرز کو ٹرافی جتوانا میرا عزم ہے، پاکستان میں پہلی بار کھیلنے کا تجربہ انجوائے کر رہا ہوں، یہاں گراؤنڈز اچھے ہیں اور وکٹیں بیٹنگ کے لیے آسان ہیں۔
نجی ٹی وی کو دیئے گئے ایک انٹرویو میں سیم بلنگز کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل سمیت ہر لیگ کی اپنی خوبیاں ہیں، یہاں کافی باؤلرز اچھی رفتار سے گیند کراتے ہیں جو دیگر جگہوں پر عام نہیں، پی ایس ایل کوالٹی اور تفریح دونوں لحاظ سے ٹاپ کی لیگ ہے۔
انہوں نے کہا کہ شاہین شاہ آفریدی کی قائدانہ صلاحیتوں نے بہت متاثر کیا ہے، انہیں بطور باؤلر اور کپتان بہت کچھ دیکھنا ہوتا ہے اور وہ بڑے تحمل سے ہر چیز کو ہینڈل کرتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ٹیم کا ماحول زبردست ہے، ڈرسینگ روم کلچر کو انجوائے کر رہا ہوں، اس ماحول کا حصہ بن کر اچھا لگ رہا ہے۔