خلائی سٹیشن سے چار خلاباز 5 ماہ بعد واپس زمین پر پہنچ گئے

Published On 12 March,2023 02:10 pm

واشنگٹن : (ویب ڈیسک ) روس، امریکہ اور جاپان کے خلا بازوں پر مشتمل ایک گروپ سپیس ایکس راکٹ کی تیز رفتار فلائٹ کے ذریعے خلائی سٹیشن سے واپس زمین پر پہنچ گیا ہے۔

عرب نشریاتی ادارے نے امریکہ کے نیشنل پبلک ریڈیو کے حوالے سے بتایا ہے کہ خلابازوں کو لے کر آنے والے کیپسول نے فلوریڈا کے ساحل کے قریب خلیج میکسیکو میں لینڈنگ کی ، خلا بازوں کی اس ٹیم کی سربراہی امریکی خاتون نکول مان نے کی اوریہ خلاباز گزشتہ برس اکتوبر میں گئے تھے۔

انہوں نے بین الاقوامی خلائی سٹیشن میں پانچ ماہ گزارے ہیں ۔

قبل ازیں خلائی سٹیشن سے زمین پر اترنے والے راستے میں طوفانی ہواؤں کے باعث ان خلا بازوں کو چند دن انتظار کرنا پڑا تھا، زمین پر اترنے کے بعد ٹیم کی سربراہ نے کہا کہ ان کو تازہ ہوا کا شدت سے انتظار تھا اور وہ اپنے چہرے پر ہوا کے جھونکوں، گھاس کی خوشبو اور زمین کے ذائقہ دار کھانوں کے لیے بہت بے چین تھیں۔

واضح رہے کہ اس وقت بین الاقوامی خلائی سٹیشن میں تین امریکی، 3روسی اور متحدہ عرب امارات کا1خلاباز موجود ہے۔
 

Advertisement