لاہور : ( ویب ڈیسک ) ٹیکنالوجی کے میدان کی اہم شخصیات نے تجویز دی ہے کہ مصنوعی ذہانت کے بڑے تجربات کو روک دینا چاہیے۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق ایک ہزار ماہرین اور ٹیکنالوجی کمپنیز سے وابستہ افراد نے ایک خط پر دستخط کیے ہیں جس میں انہوں نے ممکنہ خطرات بارے وارننگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ اے آئی سسٹم تیار کرنے کی دوڑ قابو سے باہر ہے۔
خط پر سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر کے مالک ایلون مسک اور ایپل کے شریک بانی سٹیو وز نائیک نے بھی دستخط کیے ہیں اور انہوں نے تجویز دی ہے کہ آرٹیفیشل انٹیلی جنس کا موثر نظام بنانے کو ترک کر دینا چاہئے۔
خط میں تجویز دی گئی ہے کہ مصنوعی ذہانت کے بڑے تجربات کو روک دینا چاہیے، ان تجربات سے انسانیت کو خطرہ لاحق ہے اور تحقیق کی جائے جس سے مصنوعی ذہانت مزید موثر ، محفوظ اور قابل اعتماد ہو۔
ماہرین کی جانب سے مطالبہ ایسے موقع پر کیا جا رہا ہے جب اوپن اے آئی چیٹ جی پی ٹی فور کا اجرا کر چکی ہے، چیٹ جی پی ٹی فور اس سے قبل آنے والے ورژن سے کئی گنا زیادہ طاقتور ہے۔