سورج سے بھی 30 ارب گنا بڑے بلیک ہول کی دریافت

Published On 30 March,2023 03:17 pm

واشنگٹن : (ویب ڈیسک ) سائنسدانوں نے کائنات میں اب تک کا سب سے بڑا بلیک ہول دریافت کیا ہے۔

جرنل رائل آسٹرونومیکل سوسائٹی میں شائع تحقیق میں سائنسدانوں نے اس بلیک ہول کے بارے میں بتایا ہے ، سائنسدانوں کے مطابق سورج زمین سے 109 گنا بڑا ہے تاہم اب دریافت ہونے والے بلیک ہول کے بارے میں خیال کیا جا رہا ہے کہ یہ سورج سے بھی 30 ارب گنا بڑا ہے۔

برطانیہ کی ڈرہم یونیورسٹی کے ڈاکٹر جیمز نائٹنگیل اس تحقیق کے سربراہ تھے، وہ کہتے ہیں کہ ان کو اس بات پر یقین کرنے میں مشکل ہو رہی ہے کہ یہ چیز کتنی بڑی ہے۔

سائنسدانوں نے اس بلیک ہول کر ایک نئی تکنیک gravitational lensing کے ذریعے دریافت کیا ، اس تکنیک میں کسی قریبی کہکشاں کو بہت بڑے محدب عدسے کے طور پر استعمال کرکے دور دراز کے خلائی اجسام کی روشنی کا مشاہدہ کیا جاتا ہے۔

اس تکنیک کی مدد سے سائنسدان زمین سے کروڑوں نوری برسوں کے فاصلے پر واقع ایک کہکشاں کے اندر موجود اس بلیک ہول کو دریافت کرنے میں کامیاب رہے۔

ہبل ٹیلی اسکوپ کی کھینچی گئی تصاویر اور سپر کمپیوٹر کی مدد سے بلیک ہول کے حجم کی تصدیق کی گئی۔

سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ اس دریافت نے فلکیات کی سمجھ بوجھ کو مشکل میں ڈال دیا ہے کہ ’اتنا بڑا بلیک ہول کائنات کی 13 ارب سال کی زندگی میں کیسے بن سکتا ہے؟‘

انہوں نے کہا کہ متحرک بلیک ہولز کو دریافت کرنا کافی آسان ہوتا ہے مگر gravitational lensing کی مدد سے خوابیدہ بلیک ہولز کا آسانی سے مشاہدہ کرنا ممکن ہے۔

بلیک ہول کیا ہوتا ہے؟
بلیک ہول کسی ستارے کی زندگی کے خاتمے کے قریب بنتے ہیں،  یہ ستارے اپنے حجم کی وجہ سے مرتے ہیں تو اپنے وزن اور دباؤ کی وجہ سے اندر سے ہی تباہ ہو جاتے ہیں۔

بلیک ہول خلا میں ایک ایسا علاقہ ہوتا ہے جہاں مادہ لامحدود حد تک کثیف ہو جاتا ہے ،  یہاں کششِ ثقل اتنی زیادہ ہوتی ہے کہ کوئی بھی چیز یہاں تک کہ روشنی بھی یہاں سے فرار نہیں ہو سکتی۔

بلیک ہولز کچھ انتہائی بڑے ستاروں کی زندگی کے دھماکہ خیز اختتام سے وجود میں آتے ہیں، کچھ بلیک ہولز ہمارے سورج سے اربوں گنا بڑے ہو سکتے ہیں۔

سائنسدان وثوق سے نہیں کہہ سکتے کہ کہکشاؤں کے مرکز میں پائے جانے والے یہ بلیک ہولز کیسے بنے ہیں مگر یہ واضح ہے کہ یہ کہکشاں کو توانائی فراہم کرتے ہیں اور متحرک رکھتے ہیں اور ان کی ارتقا پر اثرانداز ہوتے ہیں۔
 

Advertisement