سڈنی : ( ویب ڈیسک ) آسٹریلیا کے ایک میئر نے کہا کہ وہ ایڈوانسڈ چیٹ بوٹ چیٹ جی پی ٹی کے ذریعے شیئر کی گئی غلط معلومات پر قانونی کارروائی کر سکتے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ہیپ برن شائر کونسل کے میئر برائن ہڈ کا کہنا ہے کہ اوپن اے آئی کی ملکیت والے ٹول نے جھوٹا دعویٰ کیا کہ وہ آسٹریلیا کے نیشنل بینک کے ذیلی ادارے کے لیے کام کرتے ہوئے رشوت ستانی کے لیے قید ہوئے تھے۔
برائن ہڈ ایک وِسل بلور تھے اور ان پر کبھی کسی جرم کا الزام نہیں لگایا گیا تھا۔
میئر کے وکلاء نے اوپن اے آئی کو تشویشی نوٹس بھیجا ہے جو آسٹریلیا میں ہتک عزت کی کارروائی کا پہلا باضابطہ قدم ہے۔
OpenAI کے پاس نوٹس کا جواب دینے کے لیے 28 دن ہیں جس کے بعد ہڈ آسٹریلیا کے قانون کے تحت کمپنی کو عدالت میں لے جا سکیں گے۔
اگر وہ قانونی دعوے کی پیروی کرتے ہیں تو یہ پہلا موقع ہوگا جب OpenAI کو ChatGPT کے ذریعے تخلیق کردہ مواد پر عوامی طور پر ہتک عزت کے مقدمے کا سامنا کرنا پڑے گا۔
خیال رہے کہ اوپن اے آئی نے اس خبر پر تبصرہ کے لیے غیر ملکی نیوز ایجنسی کی درخواست کا جواب نہیں دیا۔