مونٹانا میں ٹک ٹاک پر لگائی جانے والی پابندی چیلنج کر دی گئی

Published On 20 May,2023 07:39 am

نیو یارک : ( ویب ڈیسک ) امریکی ریاست مونٹانا میں مختصر ویڈیو ہوسٹنگ ایپلی کیشن ٹک ٹاک پر لگائی جانے والی پابندی کے خلاف عدالت میں مقدمہ دائر کر دیا گیا۔

یاد رہے کہ مونٹانا کے گورنر گریگ گیانفورٹ نے چند روز قبل ٹک ٹاک پر پابندی کے لیے قانونی بل پر دستخط کئے ہیں جس کے بعد یہ مختصر ویڈیو ہوسٹنگ ایپلی کیشن پر پابندی لگانے والی پہلی امریکی ریاست بن گئی ہے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق مونٹانا میں پانچ ٹک ٹاک صارفین جو مختصر ویڈیو ایپ پر پوسٹ کردہ مواد تخلیق کرتے ہیں انہوں نے وفاقی عدالت میں مقدمہ دائر کیا ہے جس میں چینی ملکیت والے پلیٹ فارم پر عائد کی جانے والی پابندی کو روکنے کی کوشش کی گئی ہے۔

گریگ گیانفورٹ نے کہا تھا کہ یہ قانون سازی مونٹان کو چینی کمیونسٹ پارٹی کی نگرانی سے بچانے کے لیے ہماری مشترکہ ترجیح کو مزید آگے بڑھائے گی۔

صارفین کی جانب سے مونٹانا میں امریکی ضلعی عدالت میں دائر مقدمہ میں ریاست کے اٹارنی جنرل آسٹن کنڈسن کا نام لیا گیا جن پر قانون نافذ کرنے کا الزام ہے۔

صارفین کا کہنا ہے کہ ریاست قومی سلامتی پر اختیارات کا استعمال کرنا چاہتی ہے جو مونٹانا کے پاس نہیں ہے۔

مقدمے میں کہا گیا کہ صارفین کا خیال ہے کہ قانون ان کے پہلی ترمیم کے حقوق کی خلاف ورزی کرتا ہے، مونٹانا اپنے رہائشیوں کو ٹک ٹاک دیکھنے یا اس پر کچھ پوسٹ کرنے پر پابندی نہیں لگا سکتا۔

دوسری جانب ریاستی ترجمان نے کہا ہے کہ ریاست قانونی چارہ جوئی کے لیے تیار ہے، ہمیں قانونی چیلنج کی توقع تھی اور ہم قانون کا دفاع کرنے کے لیے پوری طرح تیار ہیں۔

Advertisement