ٹوئٹر کا تھریڈز کی لانچنگ پر میٹا کیخلاف کارروائی پر غور

Published On 07 July,2023 06:43 am

کیلی فورنیا : ( ویب ڈیسک ) ٹوئٹر نے حریف ایپلی کیشن تھریڈز کی لانچنگ پر اسکی ملکیتی کمپنی میٹا کے خلاف قانونی کارروائی پر غور شروع کر دیا۔

رپورٹس کے مطابق میٹا کا کہنا ہے کہ تھریڈز ٹوئٹر کی طرح ہے اور اسے دوستانہ متبادل کے طور پر پیش کیا گیا ہے جبکہ بدھ کے روز لانچ کی جانے والی ایپلی کیشن کیلئے 30 ملین سے زیادہ لوگوں نے سائن اپ کیا ہے۔

ٹوئٹر کے اٹارنی الیکس سپیرو نے میٹا کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ( سی ای او ) مارک زکربرگ کو ایک خط بھیجا جس میں میٹا پر تھریڈز بنانے کے لیے ٹوئٹر کے تجارتی رازوں اور دیگر دانشورانہ املاک کو منظم، جان بوجھ کر اور غیر قانونی طور پر غلط استعمال کرنے کا الزام لگایا گیا۔

الیکس سپیرو نے تھریڈز کو ’ کاپی کیٹ ‘ ایپ قرار دیتے ہوئے الزام لگایا کہ میٹا نے اس کی تیاری کے لئے ٹوئٹر کے درجنوں سابق ملازمین کی خدمات حاصل کیں جن کے پاس ٹوئٹر کے تجارتی رازوں اور دیگر انتہائی خفیہ معلومات تک رسائی تھی۔

خط میں کہا گیا ہے کہ ٹوئٹر اپنے دانشورانہ املاک کے حقوق کو سختی سے نافذ کرنے کا ارادہ رکھتا ہے اور میٹا سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ ٹوئٹر کے تجارتی راز یا دیگر انتہائی خفیہ معلومات کا استعمال روکنے کے لیے فوری اقدامات کرے۔

ٹوئٹر کے مالک ایلون مسک نے سماجی رابطے کے پلیٹ فارم پر خط کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ’’ مقابلہ ٹھیک ہے لیکن دھوکہ دہی نہیں ‘‘ جبکہ میٹا کے ترجمان اینڈی سٹون نے تھریڈز پر اپنی ایک پوسٹ میں کہا کہ ’’ تھریڈز انجینئرنگ ٹیم میں کوئی بھی سابقہ ٹوئٹر ملازم نہیں ہے‘‘۔

خیال رہے کہ میٹا اور ٹوئٹر دونوں نے اس سال اپنے متعدد ملازمین کو برطرف کیا ، میٹا نے اپریل میں اعلان کیا تھا کہ وہ عملے کی سطح کو تقریباً 10,000 تک کم کر دے گا جبکہ گزشتہ اکتوبر میں ایلون مسک کے چارج سنبھالنے کے بعد ٹوئٹر نے اپنے 7,500 ملازمین کو فارغ کیا۔