بیجنگ : ( ویب ڈیسک ) چین نے نیدرلینڈز پر زور دیا ہے کہ وہ سیمی کنڈکٹر صنعت میں دو طرفہ تعاون میں رکاوٹ نہ ڈالے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق چین کی وزارت تجارت نے ایک بیان میں نیدرلینڈز پر زور دیا ہے کہ وہ سیمی کنڈکٹر صنعت میں دو طرفہ تعاون میں رکاوٹ نہ ڈالے اور برآمدی کنٹرول کا غلط استعمال نہ کرے۔
ترجمان چینی وزارت تجارت کی جانب سے کہا گیا کہ دونوں ممالک نے اس موضوع پر اکثر اور مختلف سطحوں پر بات چیت کی ہے لیکن ڈچ سائیڈ نے پھر بھی متعلقہ سیمی کنڈکٹر آلات کو نئی پابندیوں میں شامل کیا ہے جس پر چین نے عدم اطمینان کا اظہار کیا۔
یاد رہے کہ ڈچ حکومت نے دو روز قبل کچھ سیمی کنڈکٹر آلات کی برآمدات پر نئی پابندیوں کا اعلان کیا تھا۔
ترجمان نے کہا کہ امریکا نے حالیہ برسوں میں اپنی عالمی بالادستی کے تحفظ کے لیے برآمدی کنٹرول کے اقدامات کا غلط استعمال کیا ، چین کے سیمی کنڈکٹرز کو دبانے ، اس پر قابو پانے کے لیے دوسرے ممالک کو مجبور اور اس پر آمادہ کیا ہے، اس طرح کے اقدامات نے عالمی سیمی کنڈکٹر انڈسٹری کی ترقی کو شدید نقصان پہنچایا ہے اور چین اس کی سختی سے مخالفت کرتا ہے۔
وزارت تجارت کے مطابق ڈچ فریق کو بین الاقوامی اقتصادی اور تجارتی قوانین اور ’ چین، ڈچ ‘ اقتصادی اور تجارتی تعاون کی مجموعی صورتحال کے تحفظ سے آگے بڑھنا چاہیے، انہیں مارکیٹ کے اصولوں اور معاہدے کی روح کا احترام کرنا چاہیے اور ایسے متعلقہ اقدامات سے گریز کرنا چاہیے جو دونوں ممالک کی سیمی کنڈکٹر انڈسٹری کے باقاعدہ تعاون اور ترقی میں رکاوٹ بنیں۔
ترجمان وزارت تجارت نے مزید کہا کہ چین ڈچ فریق پر زور دیتا ہے کہ وہ چینی اور ڈچ انٹرپرائزز اور دونوں فریقوں کے مشترکہ مفادات کا بھرپور تحفظ کرے اور عالمی سیمی کنڈکٹر انڈسٹری چین اور سپلائی چین کے استحکام کو برقرار رکھے۔