لندن: (دنیا نیوز) برطانیہ کے شمسی توانائی سے چلنے والے ڈرون نے اسٹریٹو اسفیئرمیں اپنی پہلی پرواز کامیابی سے مکمل کر لی، 115فٹ لمبے پروں والا ڈرون 20 ماہ تک فضا میں پرواز کر سکتا ہے۔
لندن کی مقامی کمپنی بی اے ای سسٹمز کی جانب سے 150 کلو وزنی یہ شمسی برقی طیارہ لنکا شائر میں قائم سینٹر میں بنایا گیا، جس کے پروں پر شمسی پینل لگے ہوئے ہیں۔
پی ایچ اے ایس اے 35 نامی ڈرون نے نیو میکسیکو سے پرواز بھری اور 66 ہزار فٹ سے زائد کی بلندی پر اسٹریٹو اسفیئر تک پہنچا، زمین پر واپس اترنے سے قبل یہ ڈرون 24 گھنٹے سے زائد دیر تک پرواز کرتا رہا۔
یہ طیارہ دن کے وقت سورج سے جبکہ رات کے وقت بیٹریوں سے توانائی حاصل کرتا ہے، جس کی مدد سے یہ ڈیڑھ سال سے زائد کا عرصہ اسٹریٹو اسفیئر میں گزار سکتا ہے۔
اس ڈرون کی مدد سے مواصلات کے نظام میں جدت، قدرتی آفات اور ہنگامی حالات کے دوران دیہی علاقوں میں انٹرنیٹ سروس فراہم کی جاسکتی ہے۔